بھارت:بس کے حادثے میں 10 افراد ہلاک

اقوام متحدہ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات بھارت میں ہوتے ہیں
،تصویر کا کیپشناقوام متحدہ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ ٹریفک حادثات بھارت میں ہوتے ہیں

بھارت کی ریاست کرناٹک میں پولیس حکام کے مطابق بس کے حادثے میں کم از کم دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دس لوگ اب بھی لاپتہ ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں سے بھری ایک بس کے ڈرائیور نے ایک موٹر سائیکل کو بچانے کی کوشش کی اور اس دوران بس بے قابو ہو کر پل سے نیچے ندی میں جا گر گئی۔

ریاست کے وزیر ٹرانسپورٹ راملینگا ریڈی کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں درجنوں مسافروں کو معمولی زخم آئے ہیں۔

بس میں پچاس مسافروں کی گنجائش تھی جبکہ اس میں باسٹھ مسافر سوار تھے۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پولیس اہلکاروں اور مقامی افراد نے زیادہ تر مسافروں کو ندی سے نکلا جبکہ کئی خود تیر کر کنارے تک پہنچ گئے۔

اس سے پہلے پیر کو کرناٹک میں ایک مسافر ویگن اور بس میں ٹکر کے نتیجے میں اٹھارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس حادثے میں ایک ٹرک مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکرا گیا تھا۔

اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں سڑک کے سب سے زیادہ حادثات بھارت میں ہوتے ہیں۔

بھارت میں ہر سال تقریباً ایک لاکھ دس ہزار افراد سڑک کے حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔ زیادہ تر حادثات لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے، سڑکوں کی خراب حالت اور پرانی گاڑیوں کے نتیجے میں ہوتے ہیں۔