فضائی حادثے کے 45 سال بعد فوجی کی لاش برآمد

بھارت میں فوج کے مطابق پینتالیس سال پہلے کوہ ہمالیہ میں گر کر تباہ ہونے والے ہوائی جہاز میں ہلاک ہونے والے فوجی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔
فوج کے ایک ترجمان کے مطابق شمالی ریاست ہماچل پردیش میں سنہ 1968 میں فوج کا ایک ٹرانسپورٹ جہاز گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
اس حادثے میں جہاز میں سوار 98 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
ترجمان کے مطابق این سی او جگمیل سنگھ کی لاش پہاڑی سلسلے میں واقع ڈھاکہ گلیشیئر سے برآمد ہوئی ہے۔ فوجی شناختی ڈسک، اس کی جیب سے ملنے والی شناختی کارڈ، اور جیب سے ملنے والی انشورنس پالیسی اور ایک خط سے ہوئی ہے۔
سنہ 1968 میں حادثے سے کچھ دیر پہلے جہاز نے روحتنگ درے کے قریب ٹاور سے رابط کیا تھا اور اس کے بعد سے اس کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا۔
اس جہاز کے ملبے کو سال دو ہزار تین میں ایک ٹیم نے حادثاتی طور پر دریافت کیا تھا اور بعد میں سرچ آپریشن میں صرف چار فوجیوں کی لاشیں برآمد ہوئیں تھیں۔
اس کے بعد ایک اور آپریشن گزشتہ ماہ تیرہ اگست کو شروع کیا گیا تھا۔



