
چننئي میں جمعہ سے امریکی قونصلیٹ کے سامنے مظاہرہ ہو رہا ہے
امریکہ نے پیغمبر اسلام پر فلم کے خلاف ہونے والے احتجاج کے پیش نظر بھارت کے شہر چنئی میں اپنے قونصلیٹ کا ویزا شیکشن بند کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق حالات کے پیش نظر پیر کے روز سے دو دن کے لیے ویزا سروسز کو بند کیا جا رہا ہے۔
قونصلیٹ کی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان کے مطابق’پیر اور منگل کو ویزا سیکشن اپوائنمنٹ کے لیے بند رہے گا۔ جن افراد کا پہلے سے ان دنوں کے لیے وقت مقرر تھا انہیں دوسری تاریخ کے بارے میں مطلع کیا جائےگا۔امریکی شہریوں کے لیے ایمرجنسی سروسز جاری رہیں گي‘۔
بھارت کی جنوبی ریاست تمل ناڈو کے دارالحکومت چنئي میں واقع امریکی وقونصلیٹ کے سامنے پیغمبر اسلام پر بنی فلم کے خلاف پیر کے دن تیسرے روز بھی مظاہرہ ہوا۔
اس دوران ایک اور علاقائی مسلم تنظیم نے اس فلم کے خلاف منگل کے روز احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چنئی میں قونصلیٹ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ دو روز کے لیے ویزا سیکشن بند کرنے کا فیصلہ اتوار کو کیا گيا تھا اور اس سلسلے میں جن افراد کے اپوائنمنٹ تھے انہیں پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
ویزا لینے کے لیے چنئی کے قونصلیٹ میں ہر روز تقریبا ایک ہزار درخواستیں آتی ہیں اور حکام کا کہنا ہے کہ اس سے کوئي مشکل پیش نہیں آئے گي۔ اس سے پہلے قونصلیٹ نے احتجاج کے سبب اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی تھی کہ وہ باہر نکلتے وقت احتیاط سے کام لیں۔
جمعہ کو علاقائی جماعت ’تمل ناڈو مسلم منیترا کزگم‘ کے کارکنان نے احتجاجی مظاہرہ شروع کیا تھا اور مظاہرین کے امریکی قونصلیٹ پر پتھر بازی کی تھی۔
اس حملے میں سفارت خانے کی عمارت کی کچھ کھڑکیاں ٹوٹ گئی تھیں جس کے بعد سے پولیس نے عمارت کے آس پاس بھارتی تعداد میں سکیورٹی فورسز کو تعینات کیا ہے۔
بھارت میں اس فلم کے خلاف دوسرے ممالک کے مقابلے میں قدر کم احتجاج ہوا ہے لیکن جنوبی ریست تمل ناڈو میں اس کے خلاف لوگ باہر نکلے ہیں۔
چنئی میں منگل کو ایک دوسری علاقائی جماعت نے اس فلم کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔






























