
شاہ رخ کے خلاف اس سے پہلے کرکٹ میچ کے بعد گارڈ سے لڑائی جھگڑے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا
بھارت کے معروف فلمی اداکار شاہ رخ خان کے خلاف ممبئی کی پولیس نے مبینہ طور پر ملک کے قومی پرچم کی توہین کرنے کا ایک مقدمہ درج کیا ہے۔
یہ معاملہ ایک سیاسی جماعت کے رہمنا روی برہمے نے یو ٹیوپ پر ایک ویڈیوکی بنیاد پر درج کرایا ہے، جس میں شاہ رخ کو بھارت کا قومی پرچم الٹا لہراتے ہو ئے دکھایا گیا ہے۔
ممبئی کی پولیس اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ یو ٹیوب پر یہ ویڈیو ایک ٹی وی چینل سے لیا گیا تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ ویڈیو گزشتہ برس اپریل میں یو ٹیوب پر اپ لوڈ کیا گیا تھا۔
دلی میں ہمارے نامہ نکار شکیل اختر کا کہنا ہے کہ پولیس کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بالی ووڈ کے اداکار کے خلاف قومی وقار کے تحفط کے قانون کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ مقدمہ چودہ اگست کو درج کرایا گیا تھا۔ مسٹر برہمے نے اس سلسلے میں کئی ویڈیو اور تصویریں بھی جمع کرائی ہیں۔
شاہ رخ خان کی طرف سے فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا ہے۔
مسٹر برہمے نے کچھ عرصے قبل ایک فیشن ماڈل گہنا وشسٹ کے خلاف بھی قومی پرچم کی توہین کا معاملہ درج کرایا تھا۔ گہنا کو گزشتہ ہفتے پولیس نے گرفتار کر لیا تھا اور انہیں اتوار کے روز ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔
گہنا کے خلاف بھی قومی پرجم کی توہین اور بے ادبی کا مقدمہ انٹرنیٹ سے حاصل کی گئی تصویروں اور ویڈیو کی بنیاد پر دائر کیا گیا تھا۔
مسٹر برہمے نے الزام لگایا ہے کہ ماڈل گہنا نے قومی پرچم کی بیکنی ( پیراکی کا لباس ) پہن کر قومی پرچم کی توہین کی ہے ۔






























