’پیاز کی قمیت کم ہورہی ہے‘

ہندوستان کے وزیر خزانہ پرنب مکھرجی کا کہنا ہے پیاز کی بڑھتی قیمتوں میں کمی آئی ہے اور جلد ہی حالات بہتر ہونگے۔
انکا کہنا تھا کہ حکومت نے اس سمت میں جو اقدامات کیے ہیں انکا نتیجہ جلد ہی سامنے آئے گا۔
کولکتہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے پرنب مکھرجی نے کہا کہ پیاز کے برآمدات پر مکمل طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ درآمدات پر لگنے والا ٹیکس ہٹا لیا گیا ہے۔ ’درآمد کیا جانا والا پیاز بازار میں پہنچنے لگا ہے۔‘
انکا کہنا تھا کہ کیونکہ ایک پھل اور سبزی ایک خاص موسم میں اچھے ملتے ہیں اس لیے انکی قیمت بڑھ جاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ پیاز کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔
گزشتہ ہفتے کے شروع میں دلی اور آس پاس کے علاقوں میں ایک کلو پیاز کی قیمت 85 روپئے تھی جو اب کم ہوکر 60 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے میں عام اشیاء کی قیمتوں میں اچانک اضافے سے ملک میں افراط زر کی شرح ایک بار پھر بڑھ گئی ہے۔
اس دوران ٹماٹر کی قیمت بھی دوگنی سے زیادہ ہوگئی ہے۔ تین روز قبل یہ پندرہ سے بیس روپے فی کلو کے حساب سے بک رہا تھا جو اس وقت چالیس سے پچاس روپے فی کلو ہو چکا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت میں اس وقت لہسن ساڑھے تین سے چار سو روپے کلو کے حساب سے بک رہا ہے جو شاید پوری دنیا میں سب سے مہنگاہے۔



