آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
پولیس اہلکار کو موٹاپے کے تمسخر اڑانے والی ٹویٹ کا فائدہ، مفت سرجری ہو گئی
انڈیا کے ایک معروف صحافی کی جانب سے ایک پولیس اہلکار کے موٹاپے کا مذاق اڑانے سے متعلق ٹویٹ کے غیر متوقع نتائج سامنے آئے ہیں اور اب ان کا وزن گھٹانے کےلیے ممبئی میں ان کی مفت سرجری کی جارہی ہے۔
انسپیکٹر دولت رام جاگوواٹ نے پیر کو ہسپتال سے جاتے ہوئے کالم نگار اور مصنفہ شوبھا ڈے کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی وجہ سے رام جاگواٹ کو شہرت ملی۔
شوبھا ڈے نے انتخابات کے دوران دولت رام جاگواٹ کی ایک تصویر ٹویٹ کی اور اس پر لکھا کہ آج ممبئی میں پولیس کا ’بھاری انتظام‘ ہے۔
اس ٹویٹ کے وائرل ہونے کے بعد ممبئی کے سیفی ہسپتال نے ان کے علاج کا خرچہ دینے کی پیش کش کی۔
ہسپتال کا کہنا ہے کہ سرجری کے بعد دولت رام جاگوواٹ کی حالت بہتر ہے۔ سرجری سے پہلے ان کا وزن 180 کلوگرام تھا لیکن امید ہے کہ سرجری کے بعد ایک سال کے عرصے میں دولت رام جاگوواٹ کا وزن کم ہو کر 100 کلو گرام رہ جائے گا۔
دولت رام جاگوواٹ نے اخبار ہندوستان ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شوبھا ڈے کی ٹویٹ کی وجہ سے ان کو ’ممبئی آنے کا موقع بھی مل گیا‘۔ انھوں نے مزید کہا کہ ان کے وزن کی وجہ زیادہ کھانا نہیں بلکہ طبی پیچیدگیاں ہیں۔
’حقیقت یہ ہے کہ میرا وزن کبھی میرے اور میرے فرض کی راہ میں حائل نہیں ہوا اور نہ ہی یہ میری کارکردگی پر اثر انداز ہوا۔ میں جسمانی طور پر فعال ہوں اور میرا دماغ جرائم حل کرنے میں مدد کرتا ہے۔‘
شوبھا ڈے نے بعد میں اپنی ٹویٹ پر معذرت کی اور کہا کہ ان کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی