یہ سائیکل ہے کہ راکٹ؟

فرانس میں ایک سائیکل سوار نے 207 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ’راکٹ سائیکل‘ چلا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
مارسیلی کے سکٹ پال ریس ٹریک پر فرانسو گیسی کو اپنی رفتار 207 میل فی گھنٹہ تک پہنچانے میں صرف 4.8 سیکنڈز لگے۔
فرانسیسی شہری فرانسو گیسی کو یقین ہے کہ وہ اگلی بار 250 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اپنی ’راکٹ سائیکل‘ چلا سکتا ہے لیکن اس کے لیے اسے مزید پیسوں کی ضرورت ہے۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے فرانسو گیسی کا کہنا تھا کہ یہ اصل کرتب ہے اور اسی لیے انتہائی مشکل کام بھی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ سائیکل وزن میں انتہائی ہلکی ہے، راکٹ سائیکل چلاتے ہوئے ڈر تو محسوس ہوتا ہے لیکن اتنا مزہ موٹر سائیکل چلانے میں نہیں ہے۔

اس سائیکل کو کمیکاز5 کا نام دیا گیا ہے اور اسے گیسی کے سوئس دوست آرنلڈ نیراچر نے ڈیزائن کیا ہے، یہ دونوں اس سے پہلے بھی اسی طرح سائیکلوں کے تجربات کر چکے ہیں۔
کمیکاز 5 میں نصب کیا گیا راکٹ انجن ہائیڈروجن پر آکسائیڈ سے چلتا ہے اور اس سے دھواں بھاپ کی شکل میں نکلتا ہے۔
فرانسو گیسی کا کہنا ہے کہ راکٹ سائیکل کو چلانا ایک تکنیکی چیلنج بھی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انہیں امید ہے کہ وہ 250 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سائیکل چلانے کے لیے کوئی سپانسر ضرور ڈھونڈ نکالیں گے۔

ایسا کرنے کے لیے اسے ہائیڈروجن پر آکسائیڈ کے ساتھ مٹی کا تیل یا خوردنی تیل ملا کر راکٹ انجن چلانا پڑے گا۔
فرانسو گیسی کا کہنا ہے کہ یہ انجن بنانا مہنگا تو ہو گا لیکن ایک دفعہ اگر اسے بنا دیا جائے تو اس سے تیل کا خرچہ آدھے سے زیادہ کم ہو جائے گا۔
32 سالہ سابق بس ڈرائیور فرانسو گیسی کے مطابق نیا راکٹ انجن بنانے کے بعد اسے پہلے ایک سرنگ میں آزمائشی طور پر چلائے گا اور اس کے بعد ہی وہ سائیکل کو ریس ٹریک پر 250 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلانے کی کوشش کرے گا۔
اس کا کہنا ہے کہ سائیکل کا توازن برقرار رکھنا بھی انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس کے بغیر سائیکل الٹنے کا خطرہ رہے گا۔







