تین خان، تین سیاسی میدان

تین خانوں کے سیاسی میدان الگ
،تصویر کا کیپشنتین خانوں کے سیاسی میدان الگ

بھارت کی فلمی صنعت بالی وڈ پر راج کرنے والے تین خان سیاست کے میدان میں تین مختلف اور بظاہر متصادم راستے اختیار کرتے نظر آ رہے ہیں۔ شاہ رخ کانگریس کے پرانے مداح ہیں، سلمان خان مودی کے ساتھ پتنگ اڑاتے نظر آ رہے ہیں جب کہ عامر خان انقلابی ڈگر پر چل نکلے ہیں اور انھوں نے عام آدمی پارٹی کا انتخاب کیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان تینوں خانوں، شاہ رخ خان، عامر خان اور سلمان خان نے اپنا وزن کسی مخصوص پارٹی کے پلڑے میں ڈالنے کا باضابطہ اعلان تو نہیں کیا ہے لیکن وہ ایسے سیاسی اشارے اور انداز اختیار کر رہے ہیں جن سے ان کی سیاسی جھکاؤ کے واضح اشارے ملتے ہیں۔

کنگ خان کے نام سے مشہور شاہ رخ خان کو کانگریس پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی کے پرانے مداح اور پارٹی کے نائب سربراہ اور وزیر اعظم کے متوقع امیدوار راہل گاندھی کا دوست تصور کیا جاتا ہے۔

عامر خان انا ہزارے کے پاوں چھونے پہنچ گئے تھے
،تصویر کا کیپشنعامر خان انا ہزارے کے پاوں چھونے پہنچ گئے تھے

شاہ رخ اپنی فلم ’میں ہوں نا‘ کے ایک خصوصی شو میں کانگریس کی صدر کو مدعو کرنے کے لیے ایک مرتبہ ٹین جنپت روڈ پہنچ گئے تھے۔ بعد ازاں ایک ٹی وی انٹرویو میں انھوں نے کھل کر اپنی سیاسی رائے کا اظہار کیا تھا اور سونیا گاندھی کی بھرپور تعریف کی تھی۔

سونیا گاندھی کی تعریفیں کرتے ہوئے انھوں نے کہا: ’ان کی شخصیت ایک ماں اور ایک مضبوط عورت کی طرح ہے اور وہ ان سے بہت متاثر ہیں۔‘ اسی ہی سانس میں انھوں نے کہا تھا کہ ان کی سونیا گاندھی سے وابستگی بالکل غیر سیاسی ہے۔

2008 میں راہل گاندھی اپنی بہن پریانکا اور بہنوئی روبرٹ وادرا کو کولکتہ کے کرکٹ گراؤنڈ ایڈن گارڈن میں شاہ رخ کی کرکٹ ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز کے ایک میچ میں شاہ رخ کے ساتھ بیٹھے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

شاہ رخ کے ٹوئٹر پر 64 لاکھ فالوؤر ہیں، جب کہ سلمان خان کے 59 لاکھ اور عامر خان کے 55 لاکھ۔

سلمان خان مسلمانوں میں بہت مقبول ہیں

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنسلمان خان مسلمانوں میں بہت مقبول ہیں

بالی وڈ کے ماہرین کے مطابق سلمان خان ان تینوں خانوں میں سب سے زیادہ مقبول ہیں۔

عامر خان جن کا رویہ سیاسی طور پر بہت محتاط ہے، انا ہزارے کی مہم کے دوران ان کے پاؤں چھوتے نظر آئے تھے۔ گذشتہ ہفتے انھوں نے ایک انٹرویو میں عام آدمی پارٹی کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیاست میں نئی لہر آئی ہے اور وہ اس سے بہت خوش ہیں۔

دبنگ خان جو مسلمان اور خاص طور پر پسے ہوئے طبقعات کے نوجوانوں میں بہت مقبول ہیں، چند دن قبل ہی بھارت کی سیاست کی سب سے متنازع اور بااثر شخصیت نریندر مودی کے ساتھ ایک تقریب میں نظر آئے اور جہاں نریندر مودی سلمان خان کی پتنگ بازی دیکھ کر محظوظ ہوتے رہے۔