چین : بچہ پالیسی کی خلاف ورزی، فلم ڈائریکٹر کو جرمانہ

چین میں سنہ 70 کی دہائی میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے ایک بچہ پالیسی کا نفاذ کیا گیا تھا
،تصویر کا کیپشنچین میں سنہ 70 کی دہائی میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے ایک بچہ پالیسی کا نفاذ کیا گیا تھا

چین میں حکام نے مشہور فلم ڈائریکٹر یانگ یی ماؤ کو ملک میں ایک بچہ پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ملین ڈالرز سے زائد رقم کا جرمانہ کیا ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق فلم ڈائریکٹر یانگ یی ماؤ تین بچوں کے باپ ہیں جن کو 30 دنوں میں ایک اعشاریہ دو ملین ڈالرز جرمانہ ادا کرنا ہو گا۔

دوسری جانب یانگ نے اس پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر معافی مانگی ہے۔

یانگ یی ماؤ اور ان کی بیوی پر کیا جانے والا جرمانہ ان کی آمدنی کو مدِنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔

چینی حکومت کے مطابق یانگ یی ماؤ دو بیٹوں اور ایک بیٹی کے باپ ہیں۔

حکومت کے مطابق انگ یی ماؤ اور ان کی بیوی نے سنہ 2000، سنہ 2003 اور سنہ 2005 میں 5,80,000 ڈالر کمائے۔

چین میں سنہ 70 کی دہائی میں بڑھتی ہوئی آبادی پر قابو پانے کے لیے ایک بچہ پالیسی کا نفاذ کیا گیا تھا۔

اس پالیسی کے تحت چین کے جوڑوں کو صرف ایک بچہ پیدا کرنے کی اجازت تھی تاہم گذشتہ برس 29 دسمبر کو ملک کی قانون ساز اسمبلی نے ایک بچہ پالیسی میں نرمی کی تجاویز کی باقاعدہ منظوری دے تھی۔

نیشنل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی نے ایک قراردار کے ذریعے دو بچے پیدا کرنے کی اجازت دے دی تھی لیکن اس میں شرط یہ تھی کہ والدین میں کسی ایک کا اکلوتی اولاد ہونا ضروری ہے۔