
اوسامہ بن لادین کی دس سال تک جاری رہنے والی تلاش پر مبنی فلم کیتھرن بگلو نے بنائی ہے
کینیڈا اور امریکہ میں ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق اسامہ بن لادن کی تلاش اور ان کی ہلاکت پر مبنی فلم ’زیرو ڈارک تھرٹی‘ اس ہفتے ٹاپ فلموں کی فہرست میں اول نمبر پر رہی ہے۔
اس فلم نے اپنی ریلیز کے تین دنوں کے درمیان تقریباً دو کروڑ چالیس لاکھ ڈالر کا کاروبار کیا ہے۔
کیتھرین بگلو کی ہدایت کاری میں بنی یہ فلم گزشتہ ماہ صرف مخصوص سنمیا گھروں میں ریلیز ہوئی تھی حالانکہ یہ فلم پانچ مختلف زمروں میں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئی تھی۔
اتوار کو منقعد ہونے والے گولڈن گلوب ایوارڈز میں فلم میں اہم کردار ادا کرنے والی اداکارہ جیسیکا چیسٹین کو سال کی بہترین اداکارہ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
اسامہ بن لادن کی تلاش سے متعلق حقائق پر مبنی یہ فلم برطانیہ اور آئرلینڈ میں پچیس جنوری کو ریلیز ہوئی ہے۔
اسکر اعزاز یافتہ فلم’دا ہرٹ لاکر‘ بنانے والی کیتھرین بگلو کی نئی فلم پر ناقدین کی جانب سے امریکہ میں اس بات پر تنازع رہا ہے کہ فلم میں تفتیش کے جارحانہ طریقوں کو پیش کیا گیا ہے۔
حالانکہ اس تنقید کے باوجود فلم نے شمالی امریکہ میں باکس آفس پر بہترین کاروبار کیا ہے۔ اس فلم کی کاردگردگی اس ہفتے ریلیز ہونے والی دوسری دو فلموں سے بہتر رہی ہے۔
’آ ہانٹیڈ ہاؤس‘ گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی دوسری بڑي فلم ہے جو امریکی باکس آفس پر کاروبار اور مقبولیت کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر رہی۔
اس فلم نے ابتدائی نے تین روز میں تقریباً انیس ملین ڈالر کا کاروبار کیا ہے۔
اس کے علاوہ ’گینگسٹر سکواڈ‘ تیسرے نمبر پر رہی۔ اس فلم نے تقریبا سترہ ملین ڈالر کا کاروبار کیا ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ ہفتے ریلیز ہونے والی دس اہم فلموں میں ’جینگو انچینڈ'، لا مزریبا‘اور لنکن جیسی فلم شامل ہیں۔
کل ملا کر اس ہفتے ریلیز ہونے والی فلموں کا کاروبار ایک سو بیالیس ملین ڈالر رہا ہے۔ گزشتہ برس اسی ماہ میں یہ کاروبار سات فی صد کم تھا۔






























