
اس سال بانڈ سلسلے کی پچاسویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔
سونی پکچرز نے بتایا ہے کہ جیمز بانڈ سلسلے کی نئی فلم سکائی فال نے اختتامِ ہفتہ میں دو کروڑ پاؤنڈ سے زائد کا بزنس کیا ہے، جو اب تک جاری ہونے والی کسی بھی بانڈ فلم سے زیادہ ہے۔
تاہم سکائی فال گذشتہ سال ہیری پاٹر سلسلے کی فلم ہیری پاٹر اینڈ دی ڈیتھلی ہیلوز پارٹ ٹو کا ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہی۔اس تھری ڈی فلم نے پہلے ویک اینڈ میں دو کروڑ تیس لاکھ پاؤنڈ کا بزنس کیا تھا۔
اس کے علاوہ ٹوئے سٹوری تھری نے دو کروڑ بارہ لاکھ ڈالر بٹورے تھے۔
زیرو زیرو سیون سلسلے کی تئیسویں فلم کے پروڈیوسروں، مائیکل جی ولسن اور باربرا براکلی نے کہا: ’ہمیں سکائی فال کو ملنے والی پذیرائی سے بہت خوشی ہوئی ہے۔ یہ بات اس لیے بھی خوش کن ہے کیوں کہ برطانیہ بانڈ کا گھر ہے اور یہ سال بانڈ سلسلے کی پچاسویں سالگرہ کا سال بھی ہے۔‘
"ہمیں سکائی فال کو ملنے والی پذیرائی سے بہت خوشی ہوئی ہے۔ یہ بات اس لیے بھی خوش کن ہے کیوں کہ برطانیہ بانڈ کا گھر ہے۔"
جیمز بانڈ فلمی تاریخ کا طویل ترین سلسلہ ہے۔
یہ فلم برطانیہ اور آئرلینڈ کے پانچ سو ستاسی سینماؤں میں نمائش کے لیے پیش کیا ہے، جب کہ امریکی شائقین کو یہ فلم دیکھنے کے لیے نو نومبر تک کا انتظار کرنا پڑے گا۔
یہ اداکار ڈینیئل کریگ کی تیسری بانڈ فلم ہے۔ اس سے پہلے انھیں کیسینو روئیل اور کوانٹم آف سولیس میں خاصا پسند کیا گیا تھا۔






























