
سکائی فال میں ڈینیل کریگ جیمس بانڈ کا کردار ادا کررہے ہیں
جیمز بانڈ سیریز کی نئی فلم ’سکائی فال‘ کو فلم ناقدین کی جانب سے کافی ستائش ملی ہے اور بعض ناقدین نے اسے سیریز کی بہترین فلم قرار دیا ہے۔
ڈینیئل کریگ جیمز بانڈ سریز کی فلموں میں تیسری بار ایجنٹ 007 کا کردار ادا کررہے ہیں۔ یہ فلم بانڈ سیریز کی تیئیسویں فلم ہے اور اس کے ہدایت کار آسکر اعزاز یافتہ سیم مینڈیس ہیں۔
برطانوی اخبر انڈیپنڈینٹ کے جیفری میک نیب نے فلم کے بارے میں لکھا ہے یہ جیمز بانڈ فلموں کی سیریز کی بہترین فلموں میں سے ایک ہے۔
ٹائمز کے کیٹ موئیر نے اسے ’بہترین برطانوی فلموں سے ایک قرار دیا ہے‘۔
میک نیب نے فلم کے ریویو میں لکھا ہے کہ اس فلم میں ہدایت کار سیم مینڈیس نے بنیادی چيزوں کا خیال رکھا ہے اور فلم میں ’سٹنٹ اور ایکشن زبردست ہے‘۔
ڈیلی میل کے بیز بیمنگ بائے نے فلم کو پانچ میں سے پانچ پوائنٹس کی ریٹنگ دی ہے اور کہا ہے کہ یہ بانڈ فلموں کا بہترین مرکب ہے۔
دی ٹیلی گراف کے روبی کالن نے فلم میں ہدایت کاری کی تعریف کرتے ہوئےلکھا ہے کہ فلم کے ایکشن مناظر بانڈ کے پچاس سال کے سفر کے بہترین مناظر ہیں۔
فلم ناقدین نے اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے سلوا نامی ولن کا کردار نبھانے والے زیویئر باڈم کی اداکاری کی بے حد تعریف کی ہے۔
اس کے علاوہ امریکہ میں جمعہ کو ریلیز سے قبل ہونے والی نمائش کے بعد دا ہالی وڈ رپورٹرز کے ٹیڈ مکارتی نے فلم کو’سنجیدہ اور شاندار‘ قرار دیا ہے۔
ان ناقدین کے برعکس ’دی گارڈین‘ کے زین بروکس اس فلم سے زیادہ متاثر نہ ہو سکے اور انھوں نے فلم کو پانچ میں سے تین پوائنٹس دیے۔
واضح رہے کہ یہ فلم برطانیہ میں چھبیس اکتوبر اور پاکستان میں نو نومبر کو ریلیز ہو رہی ہے۔






























