دل پھینک جیمز بانڈ کے پچاس برس

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 6 اکتوبر 2012 ,‭ 11:49 GMT 16:49 PST
بانڈ فلموں کے مناظر

جیمز بانڈ فلم اپنی پچاس ویں سال گرہ منا رہی ہے۔

جیمز بانڈ فلموں میں بانڈ کی اداکاری اور ان کی پراسرار شخصیت جتنی دلکش ہے لڑکیوں کے معاملے میں اتنا ہی دلپزیر ہے ان کا دل پھینک انداز۔

یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ گزشتہ پچاس سالوں سے جیمز بانڈ یہی کر رہے ہیں۔

بانڈ فلموں کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر گزشتہ ایک ماہ سے پہلی بانڈ فلم ’ڈاکٹر نو‘ کی اداکارہ یونس گیسن اور بانڈ فلموں کے چند دیگر ستارے برطانیہ کا دورہ کر رہے ہیں۔

شان كونري کے بعد راجر مور، جارج لیزنبي، ٹموتھي ڈیلٹن، پیئرس بروسنن اور ڈینیل كریگ نے جیمز بانڈ کا کردار ادا کیا ہے اور اس کردار کے لاکھوں مداحوں کے اپنے اپنے پسندیدہ بانڈز ہیں۔

آپ کے پسندیدہ بانڈ کا کردار کرنے والے کون سے بانڈ ہیں یہ تو نہیں معلوم لیکن پہلی بانڈ گرل یونس گیسن تو شان کونری کو ہی اپنا پسندیدہ بانڈ مانتی ہیں۔

جب چوراسی سالہ یونس گیسن سے ان پسنديدہ بانڈ کے بارے میں پوچھا جاتا ہے، تو وہ کہتی ہیں ’اکثر لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ میرا فیورٹ بانڈ کون ہے۔ ظاہر ہے کہ میری وفاداری تو شان کے ساتھ ہے۔ اس وقت برطانوی فلم انڈسٹری مشکل دور سے گزر رہی تھی اور شان اور جیمز بانڈ فلموں نے اسے مشکلات سے نکالا۔‘

ڈاکٹر نو

ڈاکٹر نو انیس سو باسٹھ میں پانچ اکتوبر کو ریلیز ہوئی تھی۔

بانڈ کا کردار ادا کرنے والے اداکاروں کے بارے میں وہ کہتی ہیں ’اس کردار میں اسے ادا کرنے والے ہر اداکار کی شخصیت نظر آتی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اسی لیے یہ آج تک مقبول ہے۔‘

بانڈ فلموں میں انیس سو تہتر سے انیس سو پچاسی کے دوران سات فلموں میں 'زیرو زیرو سیون' کا کردار ادا کرنے والے راجر مور کا کہنا ہے کہ ان کے پسندیدہ بانڈ حالیہ بانڈ ڈینيل کریگ ہیں اور ان کی پسندیدہ بانڈ فلم 'کسینو رایل' ہے۔

انھوں نے یہ باتیں اپنی کتاب 'بانڈ آن بانڈ' میں کہی ہیں۔

بانڈ فلموں کی ایک خاصیت یہ بھی رہی ہے کہ اس میں ایک ہی اداکار کو کئی مواقع ملے ہیں لیکن ان کے ساتھ کام کرنے والی خواتین اداکارہ ہمیشہ بدلتی رہتی ہیں۔البتہ یونس گيسن دو فلموں میں نظر آئی ہیں۔

بانڈ کا تعارف کرانے کا انداز بھی بانڈ فلم کا برانڈ بن گیا ہے اور دنیا کے سب سے مشہور جاسوس کے مداحوں کے لیے ان کے یہ جملے کسی تعارف کے محتاج نہیں ہیں۔

بانڈ ..... جیمز بانڈ ......

اپنی شناخت بتانے کے اس مشہور انداز کا استعمال جیمز بانڈ نے فلم ’ڈاکٹر نو‘ میں پہلی بانڈ گرل کے ایک سوال کے جواب میں دیا تھا۔

واضح رہے کہ چھبیس اکتوبر سے بانڈ کی نئی فلم ’سکائی فال‘ برطانیہ میں ریلیز ہو رہی ہے۔

آپ کو معلوم ہی ہوگا کہ بانڈ کے کردار کے خالق ناول نگار ایئن فلیمنگ ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>