
ٹام کروز کے وکیل کا کہنا ہے کہ سوری ان کی زندگی کا اہم حصہ ہے اور رہے گی۔
مشہور امریکی اداکار ٹام کروز نے ایک امریکی میگزین کے خلاف پانچ کروڑ ڈالر کا مقدمہ دائر کیا ہے جس نے دعویٰ کیا تھا کہ ٹام کروز نے اپنی چھ سالہ بچی سوری سے میل جول ترک کر دیا ہے۔
ٹام کروز کے ایک وکیل برٹ فیلڈز نے لائف اینڈ سٹائل میگزین کے جولائی کے شمارے میں کیے گئے دعوے کو ’گھناؤنا جھوٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ٹام ایک مشفق باپ ہیں جو سوری سے بے حد محبت کرتے ہیں۔‘
ٹام کروز اور سوری کی والدہ کیٹی ہومز کے درمیان چھ سالہ شادی کے بعد اس سال گرمیوں میں طلاق ہو گئی تھی۔
فیلڈز نے کہا کہ ’سوری ٹام کی زندگی کا اہم حصہ ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ یہ کہنا کہ ٹام نے اسے ترک کر دیا ہے، گھناؤنا جھوٹ ہے۔ سوری کی آنسو بہاتی ہوئی تصویر کے ساتھ اس بات کو شہ سرخی بنا کر پیش کرنا قابلِ نفرت ہے۔‘
ہفتہ وار جریدے لائف اینڈ سٹائل نے تیس جولائی کے شمارے میں سوری کی ایک تصویر شائع کی تھی جس میں اسے روتا ہوا دکھایا گیا تھا۔ ساتھ میں یہ شہ سرخی لگی تھی: ’آنسو بہاتی ہوئی سوری کو اس کے باپ نے ترک کر دیا۔‘
تاہم امریکی ویب سائٹ ٹی ایم زی ڈاٹ کام نے قانونی دستاویزات دیکھنے کے بعد خبر دی ہے کہ میگزین کے اندر چھپنے والی کہانی میں ترک کرنے کے دعوے کو دہرایا نہیں گیا۔
"یہ کہنا کہ ٹام نے (اپنی بیٹی کو) ترک کر دیا ہے، گھناونا جھوٹ ہے۔ سوری کی آنسو بہاتی ہوئی تصویر کے ساتھ اس بات کو شہ سرخی بنا کر پیش کرنا قابلِ نفرت ہے۔"
اس کے بجائے یہ کہا گیا تھا کہ سوری اس لیے رو رہی تھی کہ اسے جانوروں کی دکان سے ایک پالتو پِلا خرید کے نہیں دیا گیا تھا۔
تاہم ان دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ بہت سے لوگوں نے دکانوں میں میگزین کا صرف سرورق ہی دیکھا ہو گا اور انھیں پتا نہیں چلا ہو گا کہ اصل کہانی کیا ہے۔
طلاق کے معاہدے کی شرائط کے تحت سوری اپنی ماں کے ساتھ نیویارک میں رہتی ہے، جب کہ کروز اسے جب چاہے مل سکتے ہیں۔
ٹام کروز کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے مؤکل اس مقدمے سے پیسا نہیں بنانا چاہتے اور اگر وہ جیت گئے تو یہ رقم خیراتی کاموں کے لیے وقف کر دیں گے۔






























