بالی وڈ راؤنڈ اپ
بالی وڈ راؤنڈ اپ
اس مواد کو دیکھنے/سننے کے لیے جاوا سکرپٹ آن اور تازہ ترین فلیش پلیئر نصب ہونا چاہئیے
کرینہ نے ایسی قربانی پہلے نہیں دی

کرینہ کپور کی نئی فلم ہیروئن جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے
کرینہ کپور کی نئی فلم ہیروئن جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے جس کی ہدایت کاری چاندنی بار، فیشن، اور کارپوریٹ جیسی فلمیں بنانے والے مدھر بھنڈارکر نے کی ہے۔
کہا جارہا ہے کہ یہ فلم مدھر بھنڈارکر اور کرینہ کپور دونوں کے کیرئیر کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگی۔
جب کرینہ سے ایک اشتہاری تقریب یہ پوچھا گیا کہ کیا یہ بات صحیح ہے تو ان کا کہنا تھا ’سنگ میل ثابت ہوگی یا نہیں یہ تو معلوم ہوئی لیکن ہاں بات صحیح ہے کہ اس فلم کے لیے میں نے قربانیاں بہت دی ہیں اور ہر شوٹ دل سے دیا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے کیرئیر میں یہ پہلی بار ہے جب انہوں نے ایک وقت میں ایک ہی فلم کی شوٹنگ کی ہو۔ ان کا کہنا تھا ’میں ہمیشہ چار پانچ فلموں کی شوٹنگ ایک ساتھ کرتی تھیں لیکن ہیروئن کی شوٹنگ کے وقت میں صرف اسی فلم پر اپنی ساری توجہ مرکوز کرتی تھی‘۔
کرینہ کپور کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ فلم ان کے دل کے بے حد قریب ہے اور ’اس بات کا اندازہ آپ اس بات سے لگا سکتے ہیں کہ میں نے رونے کے ایک بھی منظر میں گلیسرین کا استعمال نہیں کیا ہے‘۔
فرح خان کو غصہ کیوں آیا

فرخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم شیرین فرحاد کی تو نکل پڑی کو کافی شتائش حاصل ہوئی
ایک وقت ایسا تھا کہ جب ہدایت کار فرح خان اور شاہ رخ خان کی دوستی بالی وڈ کے سب سے ہٹ دوستی مانی جاتی تھی۔
لیکن دونوں کے درمیان گزشتہ برس کچھ لڑائی جھگڑا ہوگیا لیکن بعد میں کچھ مہینوں کی ناراضگی کے بعد ایک بار پھر دوستی ہوگئی۔ لیکن پہلی جیسی بات کہاں۔۔
حال ہی میں ایک اشتہاری تقریب میں ایک صحافی نے فرح خان سے پوچھ لیا کہ کیا شاہ رخ خان نے ان کے شوہر کی فلم جوکر کی تشہیر میں مدد کی ہے؟
اس سوال پر فرح خان صحافی سے بے حد ناراض ہوئیں اور کہا کہ شاہ رخ خان نے ان کے شوہر کی فلم کی تشہر میں کوئی مدد نہیں اور ساری باتیں محض بکواس ہے۔
آپ کو یاد ہوگا کہ ایک وقت ایسا تھا جب فرح خان اپنی ہر فلم کی ساتھ شاہ رخ کا نام جوڑنا اپنا ’لکی چارم‘ سمجھتی تھیں لیکن اب وقت بدل گیا ہے۔۔ کہتے ہیں چڑھتے سورج کو سب سلام کرتے ہیں۔
بغیر ڈائیلاگ اور نغموں کی فلم

رنبیر کپور برفی کا کردار ادا کررہے ہیں
اداکار رنبیر کپور کا کہنا ہے کہ انہیں اب اس بات کا احساس ہوا ہے کہ فلموں میں ڈائیلاگ اور نغمے اداکار کے کام کو کتنا آسان بنا دیتے ہیں۔
آپ سوچ رہے ہوں گے کہ انہیں یہ احساس کیسے ہوا۔ جواب ہے ان کو یہ احساس ان کی ہی فلم ’برفی‘ نے دلوایا جس میں ایک ایسے شخص کا کردار ادا کر رہے ہیں جو گونگا اور بہرا ہے۔
فلم میں ان کے ساتھ پرینکا چوپڑا بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں اور وہ بھی اس فلم میں بچپن سے گونگی اور بہری دکھائی گئی ہیں۔
یہ فلم جلد ہی ریلیز ہونے والی ہے اور فلم کے ہدایت کار انوراگ باسو کا کہنا ہے کہ فلم دیکھنے کے بعد کسی کو اس بات کا احساس بھی نہیں ہوگا کہ فلم میں کردار بول نہیں سکتے ہیں۔
اگلے سال بوسے والی فلم نہیں

عمران ہاشمی اپنی فلموں میں کسنگ سینز کے لیے جانے جاتے ہیں
عمران ہاشمی پہلے صرف اپنی فلموں میں کسنگ سینز کے لیے مشہور ہوتے تھے لیکن گزشتہ ایک برس سے انہوں نے دو تین ایسی فلمیں کی ہیں جس سے وہ اپنی اداکاری کے لیے کافی مقبول ہوئے۔
اپنی نئی شبیہ کو دھیان میں رکھتے ہوئے عمران ہاشمی نے فیصلہ کیا ہے کہ اگلے برس وہ کوئی بھی ایسی فلم سائن نہیں کریں گے جس میں بوسے کے مناظر ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ پوری دنیا میں رہ رہے اپنے مداحوں کو ایک شفاف فلم دینا چاہتے ہیں۔
عمران ہاشمی کی اس برس ریلیز ہونے والی فلمیں جیسے، ’ونس اپون آ ٹائم ان ممبئی‘، ’شنگھائی‘، ’جنت ٹو‘ ہٹ ہوئی تھیں اور ان فلموں میں عمران ہاشمی کی اداکاری کی بے حد تعریف ہوئی تھی۔






























