سلوسٹر سٹیلون کے بیٹے کا انتقال

،تصویر کا ذریعہGetty
ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار سلوسٹر سٹیلون کے بیٹے سیج سٹیلون چھتیس برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
اداکار سیج سٹیلون جمعہ کو ہالی ووڈ کے قریب سٹوڈیو سٹی میں اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے۔
کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کی موت ضرورت سے زیادہ مقدار میں دوا کھانے سے ہوئی۔
ان کی موت کی تفتیش کرنے والےافسر ایڈ وینٹر کا کہنا ہے کہ سیج کے جسم پر کسی قسم کی چوٹ کا کوئی نشان نہیں تھا اور نہ ہی ان کی لاش کے پاس سے خودکشی کا کوئی رقعہ برآمد ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ سیج کے فلیٹ سے ڈاکٹر کی تجویز کردہ گولیوں کی بوتلیں برآمد ہوئیں تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی موت کا ان دوائیوں سے کوئی تعلق ہو۔
مسٹر وینٹر نے خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس کو بتایا کہ سیج کا پوسٹمارٹم آئندہ چند دنوں میں کیا جائے گا تاہم ان کے ٹوسیکالوجی ٹیسٹ مکمل کرنے میں متعدد ہفتے لگیں گے۔
واضح رہے کہ سیج سٹیلون نے اپنے والد سلوسٹر سٹیلون کے ہمراہ چودہ برس کی عمر میں فلم ’راکی فائیو‘ میں کام کیا تھا۔
دوسری جانب ٹی ایم زیڈ ویب سائیٹ نے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سیج سٹیلون کی موت مقدار سے زیادہ دوا کھانے کی وجہ سے ہوئی اور حکام اس بات کی تفتیش کر رہے ہیں کہ آیا ان کی موت حادثاتی تھی یا دانستہ۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سلوسٹر سٹیلون کے رابطہ افسر بیگا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سلوسٹر سٹیلون اپنے بیٹے سیج سٹیلون کی اچانک انتقال پر بہت افسردہ ہیں۔







