ٹاپ گیئر کے مزاح پر بھارت کی ناراضگی

اس سے پہلے ٹاپ گیئر کے بارے میں میکسیکو پر تنقید کرنے پر شکایت کی گئی تھی۔
،تصویر کا کیپشناس سے پہلے ٹاپ گیئر کے بارے میں میکسیکو پر تنقید کرنے پر شکایت کی گئی تھی۔

لندن میں بھارت کے ہائی کمیشن نے شکایت کی ہے کہ ’ٹاپ گیئر‘ نامی پروگرام کا بھارت میں کیا جانے والا شو توہین آمیز تھا۔

اٹھائیس دسمبر کو ہونے والے اس پروگرام میں کھانے، ٹرینوں اور ایک ایسی جیگوار نامی گاڑی پر لطیفے بنائے گئے تھے جس میں ٹوائلٹ سیٹ نصب تھی۔

بھارتی ہائی کمیشن نے اس پروگرام سے ناراض افراد کی جانب سے رابطہ کرنے پر یہ شکایت بی بی سی تک پہنچائی ہے۔

بی بی سی کو اس پروگرام کے بارے میں ایک سو اٹھاسی شکایات موصول ہوئیں۔

روزنامہ ڈیلی ٹیلیگراف میں چھپے خط میں بھارتی ہائی کمیشن نے تہذیبی حسّاسیت کی کمی پر تنقید کرتے ہوئے بی بی سی سے کہا ہے کہ وہ اس پروگرام کی وجہ سے ناراض لوگوں کا غصہ کم کرنے کے لیے مناسب قدم اٹھائے۔

بی بی سی نیوز کی ویب سائٹ پر ایک بھارتی سفیر نے لکھا ہے کہ ’لوگ بہت پریشان ہیں کیونکہ آپ کسی بھی معاشرے کی تاریخ، تہذیب اور حساس معاملات کا مذاق نہیں اڑا سکتے‘۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’بھارت ایک ترقی پذیر ملک ہے، ہمیں کئی مسائل کا سامنا ہے لیکن یہ صحیح نہیں ہے کہ آپ بیت الخلاء کے بارے میں مذاق نشر کریں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ پروگرام کے کئی حصوں کے بارے میں لوگوں نے شکایات کی ہیں۔ ’یہ صرف بھارتی شہریوں نے نہیں کیں بلکہ کئی برطانوی دوست بھی ہیں، بات بہت آگے تک چلی گئی ہے‘۔

پروگرام میں ایک ترمیم شدہ جیگوار گاڑی دکھائی گئی جس میں آگے کے حصہ پر ایک ٹوائلٹ سیٹ لگی ہوئی تھی اور اس کے ایریئل پر ٹوائلٹ رول لگا ہوا تھا۔ پروگرام کے میزبان جیرمی کلارکسن نے کہا کہ ’یہ بھارت کے لیے بہترین ہے کیونکہ جو بھی یہاں آتا ہے اس کی دوڑ لگ جاتی ہے‘۔

بھارتی ہائی کمیشن کہ ترجمان نے کہا ہے کہ انہیں بی بی سی کے ردعمل کا انتظار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے خط میں اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے کیونکہ بی بی سی کے ساتھ ہمارے طویل تعلقات ہیں۔ ہم ان کی جانب سے ردِ عمل کا انتظار کر رہے ہیں‘۔

اس سے پہلے گذشتہ برس اپریل میں ٹاپ گیئر کے ایک پروگرام پر اس وقت تنقید کی گئی جب اس میں میکسیکو کے لوگوں کو سُست اور ناکارہ جبکہ میکسیکو کے کھانوں کو بدمزہ قرار دیا گیا۔ تاہم اس پروگرام کو نشریات کے نگراں ادارے آف کوم نے الزمات سے بری کر دیا تھا۔