دیپکا کا سچا پیار اور قطرینہ کے تھپڑ
- مصنف, ریحانہ بستی والا
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ممبئی

عدنان سمیع کی کامیڈی
گلوکار موسیقار اور اب اداکار، جی ہاں بھئی اب علی ظفر کے بعد عدنان کی باری ہے۔ سنجے لیلا بھنسالی کی بہن بیلا سہگل کو عدنان کی فنکارانہ صلاحتیوں پر اتنا بھروسہ ہے کہ وہ آج سے نہیں اس وقت سے عدنان کے ساتھ فلم بنانے کی کوشش کر رہی تھیں جب خدا جھوٹ نہ بلوائے ، عدنان کچھ سو سوا سو کلو سے زیادہ وزن کے تھے۔ بیلا نے ان کے لیے خصوصی طور پر سکرپٹ بھی لکھا تھا لیکن عدنان نے انہیں دھوکا دے دیا، مطلب اپنا وزن کم کر لیا۔ پھر بھی بیلا نہیں مانیں اور آخر کار انہوں نے عدنان کے لیے ایک سکرپٹ پھر لکھا جس میں پنجابی عدنان کو ایک لڑکی کی تلاش ہے۔ کامیڈی سے بھر پور اس فلم میں ابھی یہ پتہ نہیں کہ اس کے نغمے اور موسیقی بھی عدنان کی ہو گی۔
قطرینہ کے تھپڑ
عمران خان اس وقت اپنا گال اور جبڑے سہلاتے رہ گئے جب کیٹ بے بی نے انہیں ایک دو نہیں پورے سولہ تھپڑ مارے۔ بے شک حقیقی زندگی میں نہیں بلکہ فلم ’ میرے برادر کی دلہن ‘ کے سیٹ پر۔ دراصل عمران خان کو اپنے ماموں کی طرح ہر ایکٹ میں پرفیکٹ بننے کا بھوت سوار تھا اس لیے جب کیٹ نے فلم کے منظر میں انہیں آہستہ سے تھپڑ مارا تو انہیں کچھ ’ مزہ ‘ نہیں آیا اور انہوں نے کیٹ سے حقیقی انداز میں زور سے تھپڑ مارنے کے لیے کہا۔ پورے سولہ تھپڑ کھانے کے بعد شاٹ اوکے ہوا اور عمران کے گال لال ہو گئے۔
دیپکا کا سچا پیار

دیپکا پادوکون نے قومی چینل پر ایک انٹرویو کے دوران اس بات کی وضاحت کر دی کہ وہ اپنی گردن پر اپنے سابقہ پیار رنبیر کپور کے نام کا کھدا ہوا ٹیٹو نہیں مٹائیں گی۔ حالانکہ سب کہتے ہیں کہ دیپکا اپنی زندگی میں آگے بڑھ گئی ہیں ان کی دوستی اب نامور تاجر وجےمالیا کے بیٹے سدھارتھ مالیا کے ساتھ ہے لیکن بے بی کیا یہ واقعی سچ ہے کیونکہ جہاں تک ہم مانتے ہیں کہ اگر یہ سچ ہوتا تو شاید اب تک رنبیر کے نام کا ٹیٹو بھی مٹ گیا ہوتا۔ پتہ نہیں اس پر کیٹ بے بی کا کیا ردعمل ہو۔ ویسے ہم جانتے ہیں کہ آپ کو اب یہ بتانے کی تو ضرورت ہی نہیں کہ سلمان خان سے بریک اپ کے بعد کیٹ اور رنبیر ساتھ ساتھ ہیں۔
ابھیشیک کے مشورے
ابھیشیک بچن رتیک روشن کو اداکاری کے کچھ ’ ٹپس ‘ دینا چاہتے ہیں۔ حیرت انگیز نا! جو آپ سوچ رہے ہیں وہ بالکل درست ہے کہ سترہ سے زیادہ فلاپ فلموں کے ہیرو ابھیشیک رتیک کو اداکاری کے ہنر سکھائیں گے اور وہ بھی ان کے والد کی فلم ’ اگنی پت ‘ کی ری میک فلم کے لیے۔ آپ کو یاد ہے نہ وہ سن نوے کی فلم جس میں اداکاری کے لیے امیتابھ بچن کو قومی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ فلم یش جوہر نے بنائی تھی اور اب ان کے بیٹے کرن جوہر فلم بنا رہے ہیں۔ سننے میں آیا تھا کہ اس فلم کے ری میک میں جونئیر بچن کو چانس ملے گا لیکن فلم رتیک کی جھولی میں آئی۔ تو مسٹر جونئیر بچن اگر کرن کو آپ کی اداکارانہ صلاحتیوں کا اتنا ہی بھروسہ ہوتا تو کیا وہ آپ کو نہیں چن لیتے؟
کھلاڑی بنا چور

کھلاڑی اکشے کمار نے ایک پارٹی میں نامور صنعت کار کی بیوی کا بریسلیٹ چرا کر خود انہیں چونکا دیا۔ کہانی کچھ یوں ہے کہ فلم تیس مار خان میں اکشے چوری کرتے ہیں۔ اس فلم میں وہ لوگوں کی چیزیں بہت خوبصورتی سے اڑا لیتے ہیں۔ پارٹی میں جب ان کے دوستوں نے ان سے حقیقت میں یہ کرنے کے لیے کہا تو انہوں نے واقعی ایسا کر دکھایا اور جب انہوں نے بریسلیٹ خاتون کو واپس بھی کیا تو وہ اکشے کی ہاتھ کی صفائی دیکھ کر بہت حیران ہوئیں۔
علی کا گھر
علی ظفر کو یکے بعد دیگرے فلمیں تو ملتی جا رہی ہیں لیکن وہ پریشان ہیں کہ جب تک انہیں ہندستان میں قیام اور کام کرنے کے لیے مستقل ویزا نہیں مل جاتا وہ اپنے کرئیر پر زیادہ دھیان نہیں دے پائیں گے۔ عارضی ویزا ملنے کی وجہ سے انہیں بار بار ہندستان پاکستان کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔



