لارا سٹون کی پلے بوائے کے خلاف جیت

ڈچ ماڈل لارا سٹون نے بغیر اجازت کے تصاویر شائع کرنے پر فرانسیسی پلے بوائے میگزین کے خلاف دائر ہرجانے کا مقدمہ جیت لیا ہے۔
مزاحیہ اداکار ڈیوڈ ویلیم کی بیوی اور ماڈل لارا سٹون نے ایک بیان میں کہا ہے کہ’ کوئی بھی خاتون نہیں چاہے گی کہ اس کی تصاویر بغیر اجازت کے پلے بوائے میگزین میں شائع کی جائیں‘۔
چھبیس سالہ ماڈل نے مزید کہا کہ ’ہرجانے میں ملنے والی رقم لندن کے گریٹ اورمونڈ ہسپتال کو عطیہ کر دیں گی‘۔
انہوں نے رواں سال جون میں تصاویر شائع ہونے کے بعد پلے بوائے میگزین اور امریکی فوٹو گرافر گریگ لوٹس پر ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا۔
عدالت نے پلے بوائے میگزین کے فرینچ ایڈیشن کے ایڈیٹر کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ شمارے میں عدالت کے فیصلے کے حوالے سے نمایاں طور پر ایک قانونی بیان شائع کریں‘۔
اگست میں ہرجانے کا دعویٰ کرنے کے بعد لارا سٹون نے کہا تھا کہ پلے بوائے اس طرح کا میگزین نہیں کہ تصاویر کے لیے اس کا انتخاب کیا جا سکے۔
مزاحیہ اداکار ڈیوڈ ویلیم نے مئی میں ماڈل لارا سٹون سے لندن میں شادی کی تھی۔



