پاپ سنگر مائیکل جیکسن انتقال کر گئے
عالمی شہرت یافتہ پاپ سنگر مائیکل جیکسن جمعرات کو لاس اینجلس میں حرکت قبل بند ہوجانے سے انتقال کر گئے۔ ان کی عمر پچاس برس تھی۔
مائیکل جیکسن کو جمعرات کو بعد دوپہر سانس لینے میں دشواری پیش آ رہی تھی جس کے بعد لاس اینجلس کے علاقے بیورلی ہل میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہنگامی طور پر طبی عملے کو طلب کیا گیا تھا۔
مائیکل جیکسن کی تشویش ناک صورت حال کے باعث انہیں فوری طور پر ’یو سی ایل اے‘ ہپستال میں منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے دو گھنٹوں کی تگ و دو کے بعد ان کی وفات کا اعلان کر دیا۔
مائیکل جیکسن کے بھائی جرمین کے مطابق ان کی موت حرکت قبل بند ہو جانے سے واقعہ ہوئی۔
جرمی نے جیکسن کے بارے میں خبر سن کر بڑی تعداد میں جمع ہونے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ڈاکٹروں نے ان کی سانس بحال کرنے کی سر توڑ کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہو سکے۔
انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اپیل کی کہ ان سخت لمحات میں ان کے خاندان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔
جرمین نے کہا ’اللہ تمہارے ساتھ ہو، مائیکل، میں نے ہمیشہ تم سے پیار کیا۔‘
ٹی وی پر لمحہ بہ لمحہ نشر کی جانے والی خبروں میں ان کی میت کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے یو سی ایل اے ہسپتال سے لاس اینجلس کاونٹی میں کورنرز آفس لے جاتے ہوئے دکھایا گیا جہاں ان کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مائیکل جیکسن کافی دنوں سے خرابی صحت کا شکار تھے لیکن گزشتہ ماہ ان کی صحت کے بارے میں شدید تشویش پیدا ہو گئی تھی جب ان کے چار کنسرٹ کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ ان کے آرگنائزرز کا کہنا تھا کہ ایسا انتظامی معاملات کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
پاپ سٹار مائیکل جیکسن جولائی میں لندن میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے شوبز کی دنیا میں واپس آ رہے تھے۔

مائیکل جیکسن نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز اپنے فیملی گروپ جیکسن فائیو میں ایک چائلڈ سٹار کی حیثیت سے گیارہ سال کی عمر میں کیا تھا۔ بعد میں انہوں نے عالمی شہرت حاصل کر لی اور سولو آرٹسٹ کے طور ’تھرِلر‘ اور ’بیڈ‘ جیسے شہرہ آفاق گانے تخلیق کیے۔
لیکن حالیہ برسوں میں ان کی شخصیت تنازعات اور مالی مشکلات میں گھری ہوئی نظر آئی اور وہ تقریباً گوشہ تنہائی میں چلے گئے۔ چار سال پہلے ان پر بچوں سے جنسی زیادتی کا مقدمہ چلایا گیا جس سے وہ بری تو ہو گئے لیکن مقدمے کی وجہ سے ان کی شہرت کو بہت نقصان پہنچا۔
براڈکاسٹر پال گمباچینی نے کہا کہ انہیں ہمیشہ اس بارے میں شبہہ تھا کہ کس طرح وہ لندن کی او ٹو ارینا میں منعقد ہونے والے کنسرٹس کی تیاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچاس سال کے ایک بیمار شخص کے لیے اس طرح کی منحت کرنا ٹھیک نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی موت کا اصل سبب معلوم ہو جائے گا لیکن ان کنسرٹ کی تیاریوں سے بھی ان کی صحت پر برا اثر پڑا اور شاید یہ بھی مائیکل جیکسن کی بے وقت موت کی ایک وجہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بھی خام خیالی تھی کہ وہ اس عمر میں بھی جوانی کے مائیکل جیکسن کی طرح فن کا مظاہرہ کر سکتے ہیں۔
مائیکل جیکسن کی وفات پر دنیا بھر سے تعزایاتی پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔







