آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
سوریا کاسیبھٹلا: اپنے جیسے معذور بچے کا کردار ادا کرنے والا معذور بچہ
بالی وڈ کی ایک نئی تھرلر فلم میں دماغی فالج کے شکار ایک نوجوان کا کردار ادا کرنے والے اداکار سوریا کاسیبھٹلا ہر روز اسی معذوری کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں۔
بہرحال دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری میں انھیں کاسٹ کرنا سبھی کی شمولیت کا ایک نادر مثال ہے۔ سدھا جی تلک نے سوریا کے ساتھ ان کے سفر کے بارے میں بات کی ہے۔
سوریا سبزی خور ہیں، پیانو بجاتے ہیں۔ انھیں کرکٹ سے محبت ہے، کمپیوٹر پروگرامنگ سیکھنے کا ارادہ ہے اور وہ خود کو 'ہوشیار کوڈر' کہتے ہیں۔
ٹیکسس سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان کا اپنا انسٹاگرام ہینڈل اور یوٹیوب چینل ہے اور وہ اپنے فالوورز کی بڑھتی ہوئی تعداد کے بارے میں بتا کر خوش ہوتے ہیں۔
انھوں نے ایمازون کی نئی تھریلر فلم 'جلسہ' میں معروف انڈین اداکاروں ودیا بالن اور شیفالی شاہ کے ساتھ اداکاری کی ہے اور اسی وجہ سے وہ ان دنوں شہ سرخیوں میں ہیں۔
سوریا نے زوم پر لیے جانے والے انٹرویو میں کہا: 'میں دماغی فالج جیسے مرض سے دو چار ہوں لیکن یہ نئی مہارتیں سیکھنے کی میری صلاحیت میں رکاوٹ نہیں ہے۔'
جلسہ ممبئی شہر میں ترتیب دیا گیا ایک حوصلہ مند ڈرامہ ہے۔ سوریا نے آیوش کا کردار ادا کیا ہے جو کہ ایک مشہور نیوز اینکر کے بیٹے ہیں۔ نیوز اینکر یعنی ماں کا کردار اداکارہ ودیا بالن نے ادا کیا ہے۔ آیوش کو ویڈیو گیمز کھیلنا، موسیقی سننا اور اپنی دادی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ پسند ہے۔ ایک ہٹ اینڈ رن کا حادثہ جس میں ان کی ماں شامل ہیں آیوش کے خاندان کی زندگی کو الٹ پلٹ کر رکھ دیتا ہے۔
سوریا کو اس وقت اس کردار کی پیشکش کی گئی جب کاسٹنگ ڈائریکٹر نے ان کی یوٹیوب ویڈیوز دیکھیں اور ان سے رابطہ کیا۔ ویڈیوز میں سوریا گاتے ہیں، کمپیوٹر پروگرامنگ 'سکھاتے' ہیں اور کرکٹ کا 'سبق' دیتے ہیں۔ ایک خاندانی دوست نے انھیں اس فلم کے لیے آڈیشن دینے کا مشورہ دیا اور ان کی والدہ سنیتھا سنگرام نے یہ کہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی کہ 'چلو یہ بھی کرکے دیکھتے ہیں۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہدایت کار سریش تریوینی نے سوریا کو 100 سے زیادہ آڈیشن دینے والے نوعمر اداکاروں میں سے منتخب کیا۔ سوریا نے وبائی مرض کے دوران ممبئی کے لیے پرواز لی اور ورکشاپس میں شرکت کرکے اس کردار کے لیے خود کو تیار کیا جو بقول ان کے 'بہت مزے کی تھیں'۔ وہ کہتے ہیں کہ عملے نے انھیں اس کردار کے لیے بہت 'مطمئن' کیا اور ان کے لیے چیزیں آسان بنائیں۔
سوریا اداکارہ ودیا بالن کی زندگی کو ناکام کرنے والا کردار ادا کرتے ہیں جو کہ فلم میں شدید جذباتی اتھل پتھل سے نمٹتی ہیں۔ وہ اپنی مسکراہٹ اور سہل انداز سے سکرین پر زندگی کی رمق دوڑاتے ہیں۔
ودیا بالن کا کہنا ہے کہ سوریا 'ایک نیچرل اداکار ہیں۔' شیفالی شاہ نے سوریا کے ساتھ فلم کو قوت بخشی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ 'وہ تربیت یافتہ اداکار نہیں ہیں لیکن کیمرے کے سامنے بہت نیچرل ہیں۔'
سوریا کہتے ہیں: 'مجھے فلمیں دیکھنا پسند ہے، لیکن میں نے فلم میں اداکاری سے یہ سیکھا کہ سیٹ پر آدھے منٹ کے سین کے لیے بھی کتنے لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے
انڈین فلموں میں ہمیشہ صحت مند اداکاروں نے معذور افراد کا کردار ادا کیا ہے۔ جلسہ نے سوریا کو شامل کرنے کی نئی راویت ڈالی ہے۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ معذوروں کے کردار معذور لوگوں کو دیئے جانے چاہئیں، جو ایسے حالات کے ساتھ زندگی گزارنے کی باریکیوں کو زیادہ درست طریقے سے پیش کر سکیں۔
دہلی میں مقیم صحافی اور معذور لوگوں کی آواز اٹھانے والے ایکٹوسٹ مدھوسودن سری نواس کہتے ہیں: ’جلسہ میں سوریا کاسیبھٹلا کی کاسٹنگ ایک شاندار قدم ہے اور (اس لحاظ سے) یہ انڈیا کی ایک تاریخی فلم ہے۔ انھوں نے اداکار اور اس کے کردار کے ساتھ باوقار سلوک کیا ہے اور اسے حقیقی رکھا ہے۔‘
سوریا کے والد والد کرشنا کاسیبھٹلا ایک آئی ٹی پروفیشنل ہیں۔ سوریا کے والدین کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ گھر میں 'خوشگوار اور سب کو شامل کرنے والا خاندانی ماحول ہو اور سوریا اپنے متعلق تمام اہم معاملات پر فیصلہ سازی کا حصہ رہے۔ انھوں نے ابتدا میں ہی یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ 'اس کے ساتھ مختلف سلوک نہیں کریں گے۔'
جب وہ چار سال کے تھے تو سوریا نے اپنے والدین کو بتایا تھا کہ وہ اداکار بننا چاہتے ہیں۔ انھیں ٹیکساس میں اپنے سکول میں فینسی ڈریس پارٹیوں میں شرکت کرنا پسند تھا۔
وہ کثیر لسانی ہیں اور تیلگو، انگریزی اور ہندی وہ سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انھیں بالی وڈ اور تیلگو فلمیں پسند ہیں اور وہ سائنس فکشن اور پر اسرر قتل پر مبنی فلموں کو پسند کرتے ہیں۔
سوریا کمپیوٹر پروگرامر بننے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ لیکن ان کا کہنا ہے کہ 'فلم میں کام کرنا بلاشبہ میرا سب سے یادگار تجربہ ہے۔'
انھوں نے کہا: 'مجھے امید ہے کہ مجھے دماغی فالج والے شخص کا کردار ادا کرنے کے لیے کاسٹ کرنے سے میرے جیسے لوگوں کو یہ محسوس کرنے میں مدد ملے گی کہ وہ بھی خواب دیکھ سکتے ہیں اور انٹرٹینمنٹ کی دنیا میں داخل ہو سکتے ہیں۔'
انھوں نے مزید کہا: 'مجھے خوشی ہے کہ میں نے بالی وڈ انڈسٹری میں شمولیت اور تنوع لانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔'
سوریا بالی وڈ کے سپر اسٹار رتک روشن اور اکشے کمار، اور تیلگو فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے مہیش بابو کے مداح ہیں۔ یہ سب لوگ زندگی سے بڑے ہیرو کا کردار ادا کرتے ہیں۔
لیکن جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کے پسندیدہ سپر ہیروز کون ہیں؟
تو ان کا جواب تھا: 'میرے والدین'