بالی وڈ میں کورونا لاک ڈاؤن کے بعد فلموں پر کام دوبارہ شروع

    • مصنف, نصرت جہاں
    • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لندن

کِنگ خان کہے جانے والے اداکار شاہ رخ خان نہ صرف فلموں کے بلکہ لفظوں کے بھی بادشاہ کہے جاتے ہیں اور ان کے حسِ مزاح کے چرچے بھی عام ہیں۔

شاہ رخ اکثر سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کے رنگ برنگے سوالوں کے ترکی بہ ترکی جواب دیتے نظر آتے ہیں۔ حال ہی میں ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے ساتھ 'مجھ سے کچھ بھی سوال پوچھیں' کے ایک سیشن کے دوران بے تحاشہ سوالوں کے درمیان ایک صارف نے ان سے پوچھا کہ وہ ممبئی میں اپنا گھر کب فروخت کر رہے ہیں۔ جواب میں شاہ رخ نے کہا 'منت بکتی نہیں ہمیشہ سر جھکا کر دل سے مانگنے پر ملتی ہے۔'

یہ بھی پڑھیے

ایک اور صارف نے سوال کیا کہ اپنی شادی کی 29 ویں سالگرہ کے موقع پر بیگم کو کیا تحفہ دیا؟ جواب میں شاہ رخ نے لکھا کہ'اپنی زندگی کے سب سے بڑے تحفے کو کیا تحفہ دے سکتا ہوں۔'

شاہ رخ خان آخری بار فلم زیرو میں نظر آئے تھے اور اب نومبر سے ان کی نئی فلم پٹھان کی شوٹنگ شروع ہونے والی ہے جس کے اگلی سال دیوالی پر ریلیز ہونے کے امکانات ہیں۔

کورونا کی وبا کے سبب لاک ڈاؤن کے طویل سلسلے کے بعد اب بالی ووڈ میں شوٹنگ اور فلموں کی ریلیز کا سلسلہ شروع ہو رہا ہے۔ نو نومبر کو اکشے کی فلم لکشمی بم ریلیز ہو رہی ہے حالانکہ فلم کو اس کے نام کی وجہ سے قانونی نوٹس مل چکا ہے۔

مہاراشٹر میں راجپوٹ کرنی سینا ایک بار پھر حرکت میں آچکی ہے جس نے فلم کے خلاف قانونی نوٹس دیتے ہوئے فلم کے ٹائٹل تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے بعد فلسماز کے پاس کوئی اور راستہ نہیں بچا اور ٹائٹل سے بم ہٹا کر فلم کا نام صرف لکشمی کر دیا گیا ہے۔ حال ہی میں آن لائن جاری ہونے والے اس فلم کے ٹریلر نے کافی متاثر کیا جو ہورر اور کامیڈی کا امتزاج ہے۔ فلم نو نومبر کو ڈزنی پلس ہاٹ سٹار پر ریلیز ہونے والی ہے۔

ٹائگر شروف کی باغی فور اور ہیرو پنتی کے دوسرا سیکوئل کی تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور دونوں ہی فلموں میں ٹائگر شروف ایک بار پھر ایکشن میں نظر آئیں گے۔ لاک ڈاؤن کے بعد ٹائگر پہلے ہیرو پنتی کی شوٹنگ شروع کر رہے ہیں جس کا آغاز دسمبر میں ہو رہا ہے۔ خبر ہے کہ ان دونوں فلموں کی شوٹنگ 25 ممالک میں کرنے کا منصوبہ ہے۔

ادھر اداکارہ شردھا کپور اب ناگن فلم میں ناگن کے روپ میں نظر آئیں گیں۔ اس سے پہلے سر دیوی نے فلم ناگن میں ایسا رول کیا تھا۔ شردھا کی آخری فلم ٹائگر شروف کے ساتھ باغی تھری تھی۔

سلمان خان نے حال ہی میں فلم 'رادھے' کی شوٹنگ مکمل کی ہے اور پندرہ نومبر سے فلم 'انتِم' پر کام شروع کرنے والے ہیں۔ یہ ایک مراٹھی ہٹ فلم کا ری میک ہے جس کے ہدایت کار سلمان کے دوست مہیش منجھریکر ہونگے۔

روزنامہ ممبئی مرر کے مطابق سلمان خان 'ٹائگر تھری' کا خاکہ تیار کر رہے ہیں لیکن ابھی اس کی شوٹنگ شروع کرنے میں وقت لگے گا۔

چھ ماہ قبل اداکار عرفان خان کی بے وقت موت صرف انڈیا ہی نہیں بلکہ عالمی سنیما کا بھی نقصان تھا۔ 2006 میں عرفان خان نے میرا نائر کی فلم دی نیمسیک میں یادگار اداکاری کی تھی۔ چنانچہ جب میرا نائر کی ہدایت میں' اے سوٹ ایبل بوائے' گذشتہ ہفتے نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی تو میرا کے ذہن میں ایک بار پھر عرفان کی یادیں تازہ ہو گئیں۔

عرفان خان کو بھی اس سیریز کا حصہ بننا تھا جو وکرم سیٹھ کے ناول پر مبنی ہے۔ تاہم بعد میں ان کی صحت کی وجہ سے انہیں اس سے علیحدہ ہونا پڑا۔ ایک اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے میرا نائر نے کہا کہ وہ چاہتی تھیں کہ عرفان بیتار کے نواب کا کردار ادا کریں۔ اور عرفان کی صحت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انہوں نے کردار میں کچھ تبدیلیاں کی تھیں تاکہ عرفان پر کام کا زیادہ دباؤ نہ پڑے لیکن ایسا ممکن نہ ہو سکا اور عرفان اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔ اب یہ کردار عرفان کی جگہ اداکار عامر بشیر نے نبھایا ہے۔