وویک اوبرائے اور معافی سے ان کا رشتہ

بالی وڈ سٹار وویک اوبرائے اور معافی کا تعلق بہت پرانا ہے۔

ایک زمانے تک وہ اداکار سلمان خان سے معافی مانگتے رہے اور اب انھوں نے اپنے ایک متنازع ٹویٹ کے لیے معافی مانگی ہے۔

انڈیا میں پارلیمانی انتخابات کے آخری مرحلے پر جاری ایگزٹ پول کے بعد ایک میم منظر عام پر آیا جس میں ایگزٹ پول اور حقیقت میں فرق کو دکھایا گیا تھا۔ وویک نے اسے ٹویٹ کیا کیا کہ وہ چار جانب سے گھر گئے۔

وویک نے جو میم شیئر کی تھی اس میں ایک تصویر میں اداکارہ ایشوریہ رائے سلمان خان کے ساتھ ہیں، دوسری میں وہ وویک کے ساتھ ہیں جبکہ تیسری میں وہ اپنے شوہر اداکار ابھیشیک بچن اور اپنی بیٹی کے ساتھ ہیں۔

پہلی تصویر کے ساتھ 'اوپینین پول'، دوسری کے ساتھ 'ایگزٹ پول' اور تیسری کے ساتھ 'نتیجہ' لکھا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ ایشوریہ رائے بچن کے ساتھ ان کی ایک زمانے میں دوستی تھی اور ایشوریہ اس سے قبل سلمان خان کے بہت نزدیک رہی تھیں۔

وویک کی شومئی قسمت کہ اس بار بھی سلمان خان اور ایشوریہ رائے اس میم میں شامل تھے۔ لیکن اداکارہ سونم کپور نے ان کے ٹویٹ کو نفرت انگیز اور سطحی کہا جس کے جواب میں خبر رساں ادارے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے وویک نے کہا: 'آپ اپنی فلموں میں تھوڑا کم اوور ایکٹ کریں اور سوشل میڈیا پر تھوڑا کم ری ایکٹ کریں۔'

انھوں نے سونم کپور سے کہی بات پر معافی تو نہیں مانگی البتہ اپنے میم کو ٹویٹ کرنے پر معافی مانگ لی ہے۔ انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا: اگر ایک بھی عورت کو اس میم پر میرے جواب سے ٹھیس پہنچی ہے تو اس کا تدارک ہونا چاہیے۔ معافی چاہتا ہوں۔ ٹویٹ ڈلیٹ کر دی گئی ہے۔'

اس کے ساتھ ایک دوسرے ٹویٹ میں انھوں نے کہا: 'بعض اوقات جو چیز پہلی نظر میں بےضرر اور مزاحیہ نظر آتی ہے وہ دوسروں کے لیے بھی ویسی ہو ضروری نہیں۔'

انھوں نے اس سے قبل معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا: 'لوگ معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں، مجھے معافی مانگنے میں کوئی مسئلہ نہیں، لیکن کوئی یہ تو بتائے کہ میں نے کیا غلطی کی ہے۔ اگر میں نے غلطی کی ہے تو میں معافی مانگ لوں گا۔ میں نے کوئی غلطی نہیں کی ہے۔ اس میں کیا غلطی ہے۔ کسی نے کوئی میم ٹویٹ کیا اور مجھے اس پر ہنسی آ گئی۔'

انھوں نے اپنے ٹویٹ میں مزید کہا کہ انھوں نے گذشتہ دس برسوں میں کمزور معاشرے سے آنے والی دو ہزار سے زیادہ لڑکیوں کو سہارا دیا ہے اور وہ کبھی بھی کسی بھی خاتون کے ساتھ بدتمیزی کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتے۔

وویک کا معاملہ اس وقت طول پکڑ گیا جب قومی خواتین کمیشن نے ان سے وضاحت طلب کر لی۔ کمیشن نے اپنے نوٹس میں لکھا: 'کمیشن کے سامنے کئی میڈیا رپورٹس آئی ہیں جن کے مطابق وویک اوبرائے نے مبینہ طور پر انتہائی ہتک آمیز اور خواتین مخالف ٹویٹ کیا ہے۔ اس تصویر میں ایک خاتون اور ایک نابالغ لڑکی کو دکھایا گیا ہے۔ آپ نے مبینہ طور پر انتخابات کے رجحان اور نتیجوں پر کسی خاتون کی ذاتی زندگی کا ذکر کرتے ہوئے تبصرہ کیا ہے۔'

وویک اوبرائے اور سلمان خان

گذششتہ 16 سال سے وویک سلمان سے معافی مانگنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ سنہ 2003 میں ایشوریہ رائے کی محبت میں گرفتار وویک نے سلمان خان کے خلاف جو پریس کانفرنس کی تھی اس پر وہ آج بھی نادم ہیں۔

حال ہی میں ایک انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر سلمان خان کو کبھی سچ بولنے کی دوا پلائی گئی تو وہ ان سے کیا پوچھنا چاہیں گے؟ جواب میں وویک نے کہا کہ وہ ان سے پوچھیں گے 'کیا آپ معاف کرنے میں یقین رکھتے ہیں۔'

سنہ 2007 میں وویک اوبرائے نے ہزاروں ناظرین کے سامنے کان پکڑ کر اور ہاتھ جوڑ کر سلمان خان سے معافی مانگی تھی۔ راجیو گاندھی فاؤنڈیشن کی جانب سے سلمان کو ایوارڈ دیا گیا اور اسی پروگرام میں وویک اپنی فلم 'اوم کارا' کے نغمے 'بیڑی جلئی لے' پر کوئنا مترا کے ساتھ رقص کر رہے تھے۔ سلمان ناظرین کی پہلی صف میں شلپا شیٹی کے ساتھ بیٹھے تھے۔ ڈانس ختم کرنے کے بعد وویک نے اچانک ہی دونوں کان پکڑے، اپنے گھٹنوں پر جھکے اور ہاتھ جوڑ کر کہا 'بھائی اب معاف بھی کردو۔'