ایونجرز اینڈ گیم: دو ہفتے میں دو ارب ڈالر سے زیادہ کمائی، ’ایواٹار‘ کا عالمی ریکارڈ خطرے میں

،تصویر کا ذریعہGetty Images
تاریخ میں سب سے زیادہ آسکر ایوارڈ جیتنے والی فلم 'ٹائیٹینک' کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون نے ٹوئٹر پر مارول سٹوڈیوز کو حال ہی میں ریلیز ہونے والی ایوینجرز: اینڈ گیم کی معرکتہ الآرا کامیابی پر مبارک باد دی ۔
ایوینجر سیریز کی چوتھی اور آخری فلم اپریل کے آخر میں دنیا بھر میں ریلیز ہوئی تھی اور صرف دو ہفتوں میں اس فلم نے ماضی کے تمام ریکاڑ توڑ دیے ہیں اور اب تک باکس آفس پر دو ارب ڈالر سے زیادہ رقم حاصل کی ہے۔
سنہ 1997 میں ریلیز ہونے والی ٹائیٹینک نے اب تک 2.18 ارب ڈالر کمائے تھے جبکہ ایوینجرز: اینڈ گیم کی کُل عالمی آمدنی 2.27 ارب ڈالر ہو چکی ہے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter
جیمز کیمرون نے اپنی ٹویٹ میں کہا: 'ایک برفانی تودے نے ٹائیٹینک کو ڈبودیا تھا۔ اب ایک ایوینجر فلم نے میری ٹائیٹینک کو ڈبو دیا ہے۔ یہاں لائٹ سٹورم اینٹرٹینمنٹ میں موجود ہم تمام لوگ آپ کی شاندار کامیابی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔'
جیمز کیمرون نے مزید کہا کہ لوگوں نے سنیما گھروں کے ختم ہو جانے کی پیشن گوئی کی تھی لیکن اس فلم نے ثابت کر دیا کہ اگر اچھا تجربہ ملے تو شائقین جوق در جوق فلم دیکھنے آئیں گے۔
'آپ لوگوں نے دکھا دیا کہ فلم انڈسٹری نہ صرف سلامت ہے بلکہ وہ پہلے سے بھی زیادہ بڑی ہے۔'
ایونجرز کے بارے میں مزید پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ریلیز ہونے کے بعد اب تک ایوینجرز نے امریکہ میں 64 کروڑ ڈالر کا کاروبار کیا جبکہ دنیا بھر میں اب تک ڈیڑھ ارب ڈالر سے زیادہ کما چکی ہے۔
ایوینجرز: اینڈ گیم تاریخ میں تیز ترین دو ارب ڈالر کمانے والی فلم بن گئی ہے۔ اس سے پہلے یہ ریکارڈ سنہ 2009 میں آنے والی فلم 'ایواٹار' کے پاس تھا جس نے ایک ماہ سے کچھ زیادہ عرصے میں دو ارب ڈالر کمائے تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images
باکس آفس کی تاریخ میں سب سے زیادہ آمدنی کمانے والی فلم کا اعزاز بھی ایواٹار کے پاس ہے جس نے آج تک 2.78 ارب ڈالر کمائے ہیں اور حسن اتفاق یہ ہے کہ وہ فلم بھی جیمز کیمرون نے بنائی تھی۔
لیکن جس حساب سے ایوینجرز نے باکس آفس پر کامیابی کے جھنڈے گاڑے ہیں اور جس برق رفتاری سے لوگ سنیما گھر کا رخ کر رہے ہیں، یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہ صرف کچھ دنوں کی بات ہے کہ تاریخ کی سب سے کامیاب ترین فلم کا اعزاز بھی ایوینجرز: اینڈ گیم کے پاس ہوگا۔










