ملکۂ برطانیہ نے سٹار وارز فلم کی شوٹنگ کی اجازت نہیں دی

انکشاف ہوا ہے کہ ہالی وڈ کی مشہور سائنس فکشن فلم سیریز 'سٹار وارز' کی ایک فلم کو ملکۂ برطانیہ کی جائیداد پر شوٹنگ کا اجازت نامہ مسترد کر دیا گیا تھا۔

سٹار وارز والے فلم کے چند مناظر کی شوٹنگ برک شائر کے ونزر گریٹ پارک میں کرنا چاہتے تھے جسے تاج برطانیہ کی جائیداد کی نگرانی کرنے والے محکمے نے مسترد کر دیا۔

کراؤن اسٹیٹ ایک ترجمان نے بتایا کہ مجوزہ مناظر پارک کے لیے موزوں نہیں تھے اور اس کے ساتھ انھوں نے کہا کہ فلم کے نام یا سٹار کے نام سے ان کے فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

18 ہزار ایکڑ پر پھیلے ہوئے اس پارک کا استعمال حال میں میں ریلیز ہونے والی ونی دا پو کی فلم 'گڈبائی کرسٹوفر رابن' میں ہوا تھا۔

کراؤن اسٹیٹ کے کمرشیل آپریشن کے سربراہ نک ڈے نے بی بی سی سے گفتگو کے دوران سٹار وارز کی درخواست کو مسترد کرنے والی بات بتائی۔

انھوں نے بتایا کہ پارک میں 100 ایکڑ پر مبنی ایک جنگل کو پو اور ان کے دوستوں کے گھر کے طور پر استعمال کیا گيا ہے۔

نک ڈے نے بتایا کہ 'سٹار وارز اتنی بڑی چیز تھی کہ اس سے پارک کو نقصان ہونے کا خطرہ زیادہ تھا، اور جو لوکیشن وہ چاہتے تھے وہ زیادہ لوگوں کے لیے مناسب نہیں تھی۔

'ہماری ترجیحات ونزر گریٹ پارک کا تحفظ ہے اور ہم کسی فلم کو یہ پارک اسی وقت دے سکتے ہیں جب ہمیں یقین ہو کہ پارک کو کم سے کم نقصان ہو گا۔

'لیکن سٹار وارز بڑی مشین ہے اور وہاں اس طرح کی چیزوں میں باہر کے لوگوں کی دلچسپی بھی بہت ہوتی ہے۔ اس لیے یہ ٹھیک نہیں تھا۔'

انھوں نے سٹار وارز کی فلم کا نام نہیں بتایا لیکن یہ ضرور کہا کہ انھیں یہ درخواست کئی سال قبل موصول ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ اس پارک کا کئی فلموں کے بعض مناظر کے لیے استعمال کیا گيا ہے۔ تاہم نک ڈے کا کہنا ہے کہ وہ فلم کی شوٹنگ کے لیے دس میں سے آٹھ درخواستیں مسترد کر دیتے ہیں۔