آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
بالی وڈ میں اداکاروں کے لیے یہ ڈراؤنا وقت ہے: عمران ہاشمی
بالی وڈ کے مشہور اداکار عمران ہاشمی کا کہنا ہے کہ پہلے کی طرح اب بڑے ناموں کے بھروسے پر فلمیں کامیاب نہیں ہو سکتی ہیں۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے عمران ہاشمی نے اس سال بڑے فلمی ستاروں کی فلموں کے فلاپ ہونے پر کہا ہے کہ اداکاروں کے لیے یہ ڈراؤنا وقت ہے کیونکہ جن فلموں سے اچھے کاروبار کی امید کی جا رہی تھی وہ نہیں چلی ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں پہلے سلمان خان کی فلم 'ٹیوب لائٹ' باکس آفس پر ناکام رہی اور اب شاہ رخ کی فلم 'جب ہیری میٹ سیجل' بھی فلاپ ہو گئی۔
عمران ہاشمی نے کہا کہ 'اس سے پتہ چلتا ہے کی اداکار تنہا فلم نہیں چلا سکتا، اس میں اچھی کہانی کا ہونا بے حد ضروری ہے۔'
انھوں نے مزید کہا کہ'چار پانچ سال پہلے فلم ساز اور اداکار کہانیوں کو نظرانداز کر دیا کرتے تھے۔ کتنے ہی اداکاروں کے بارے میں سنا تھا کہ ان پر کوئی بھی کہانی چل جائے گی، پر اب صاف ظاہر ہو گیا ہے کہ آج کے دور میں ناظرین معمولی فلموں کو قبول نہیں کریں گے۔'
وہیں عمران کا یہ بھی خیال ہے کی بڑے ستارے کی فلموں کا نہ چلنا سٹار پاور کو ختم نہیں کرے گا۔
'جب ہیری میٹ سیجل' کی مثال دیتے ہوئے عمران نے کہا کہ اگر شاہ رخ خان اور انوشکا شرما فلم میں نہ ہوتے اور ان کی جگہ کوئی نئے اداکار ہوتے تو فلم کو 10 فیصد کاروبار بھی نہیں ملتا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
عمران ہاشمی نے گذشتہ دنوں کہا تھا کہ اگر آج وہ اس انڈسٹری کا حصہ ہیں تو اقربا پروری کے سبب کیونکہ اگر ان کے انکل مہیش بھٹ انھیں چانس نہ دیتے تو شاید وہ فلموں میں نہ ہوتے۔
عمران ہاشمی نے اس بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ کامیاب وہ اداکار ہیں جو باہر سے آئے ہے اور جن کا فلمی خاندان سے کوئی تعلق نہیں تھا جیسا کہ امیتابھ بچن، شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا۔
ایک عرصے سے ہٹ فلم کے انتظار میں بیٹھے عمران ہاشمی نے کہا کہ انہوں نے کئی ایسی فلمیں کی جن سے وہ اتفاق نہیں کرتے تھے لیکن اب انہوں طے کیا ہے کی وہ گھر پر بیٹھنا پسند کریں گے لیکن نامکمل کہانی پر مبنی بری فلمیں نہیں کر کریں گے۔
عمران ہاشمی اب اجے دیوگن کے ساتھ ایکشن فلم 'بادشاہو‘ میں نظر آئیں گے جو یکم ستمبر کو ریلیز ہو گی۔