سٹنٹ کرتے ہوئے ٹام کروز زخمی، مشن امپاسبل 6 کی شوٹنگ روک دی گئی

،تصویر کا ذریعہAFP
معروف امریکی اداکار ٹام کروز فلم مشن امپاسبل کے چھٹے حصے کی شوٹنگ کی دوران سٹنٹ کرتے ہوئے اپنا ٹخنہ تڑوا بیٹھے جس کے سبب فلم کی شوٹنگ روک دی گئی ہے۔
55 سالہ ٹام کروز فلموں میں اپنے سٹنٹ خود کرنے کے لیے مشہور ہیں۔
فلم ساز سٹوڈیو پیراماؤنٹ پکچرز نے اصرار کیا ہے کہ شوٹنگ روکے جانے کے باوجود مشن امپاسبل 6 اگلے سال جولائی میں ہی ریلیز کی جائے گی۔
سٹوڈیو کے جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ 'فلم کی شوٹنگ کے دوران ٹام کروز کا ٹخنہ سٹنٹ کرتے ہوئے ٹوٹ گیا ہے جس کی وجہ سے فلمبندی روکنی پڑی ہے جو ان کی صحت کی مکمل بحالی تک رکی رہے گی، تاہم فلم اگلے سال 27 جولائی کو ہی ریلیز ہو گی۔
’ٹام کروز اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اپنے شائقین کو اگلے سال یہ فلم پیش کرنے کے لیے بے چین ہیں۔'



