آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
مبینہ جنسی ہراس: پاپ گلو کارہ ٹیلر سوئفٹ کی عدالت میں گواہی
امریکی پاپ گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ جنسی زیادتی سے متعلق کیس کے سلسلے میں عدالت پیش ہوئیں اور ججز کو بتایا کہ کس طرح 55 سالہ ریڈیو ڈی جے ڈیوڈ میولر نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی تھی۔
27 سالہ پاپ گلوکارہ نے ڈینور میں عدالت کو بتایا: 'انھوں نے حتمی طور پر مجھے دبوچا تھا اور وہ بھی کافی دیر تک۔'
لیکن ریڈیو ڈی جے ڈیوڈ میولر ٹیلر سوئفٹ کے ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
پاپ گلوکارہ نے عدالت میں کہا: 'یہ دانستہ طور پر کیا گیا تھا۔'
ٹیلر سوفٹ نے کورٹ میں کہا: 'میں نے محسوس کیا کہ انھوں نے میری سکرٹ کے نیچے سے میرے کولہوں کو پکڑا، میرے ان سے دور ہٹنے کے باوجود بھی ان کے ہاتھ میرے کولہوں پر چپکے رہے۔'
"یہ میرے لیے کافی دہشت انگیز تھا اور میں نے اس سے پہلے آج تک ایسے واقعے کا سامنا نہیں کیا تھا۔'
گلو کارہ ٹیلر سوئفٹ کے مطابق ڈیوڈ میولر نے سنہ 2013 میں انھیں ایک ریڈیو پروگرام سے عین قبل ہونے والی ملاقات کے دوران مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔
اس دوران ڈیوڈ میولر معروف و مقبول ریڈیو سٹیشن كيوگو میں میزبان کے طور پر کام کیا کرتے تھے۔ اس واقعے کے بعد ٹیلر سوئفٹ نے كيوگو ریڈیو سٹیشن میں شکایت درج کی جس کی وجہ سے ڈیوڈ میولر کو ملازمت سے نکال دیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے رد عمل میں میولر نے ٹیلر سوئفٹ کے خلاف عدالت میں مقدمہ درج کیا کہ سوئفٹ کے الزامات کی وجہ سے انھیں اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑا۔
اس کے بعد سوئفٹ نے جوابی طور پر ڈیوڈ کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے ساتھ جنسی زيادتی دانستہ طور پر کی گئی تھی۔
میولر کے وکیل نے ٹیلر سوئفٹ سے پوچھا کہ ان کے باڈی گارڈ نے ایسا کرنے پر آخر دخل اندازی کیوں نہیں کی؟
اس سوال پر ٹیلر سوئفٹ نے کہا: 'کوئی بھی شخص اس طرح کے واقعے کی توقع نہیں کر سکتا تھا، یہ پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ یہ کافی ڈراؤنا اور دہشت انگیز واقعہ تھا۔'
جب 27 سالہ گلوکارہ سے یہ پوچھا گیا کہ کہیں انھوں نے میولر کی شناخت میں غلطی تو نہیں کی؟ تو اس کے جواب میں سوئفٹ نے کہا کہ وہ میولر کے وکیل اور میولر کو خود انھیں ہی ملزم ٹھہرانے نہیں دیں گی۔
دوسری جانب اس معاملے میں 55 سالہ ڈیوڈ میولر نے کورٹ کے سامنے اپنے آپ کو بے قصور بتایا ہے۔