آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
’ڈیانا کی نجی ویڈیوز نشر نہ کی جائیں‘
شہزادی ڈیانا کے دوستوں نے چینل 4 سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسی متنازع ویڈیو ٹیپس کو نشر نہ کریں جن میں وہ اپنی ازدواجی زندگی کی مشکلات کے بارے میں بات کر رہی ہیں۔
'ڈیانا: ان ہر اون ورڈز' کے عنوان سے ایک ڈاکومنٹری شہزادی ڈیانا کی موت کی 20ویں برسی کے موقع پر نشر کی جائے گی۔
یہ ویڈیو ٹیپس شہزادی ڈیانا کے سپیچ کوچ نے ریکارڈ کی تھیں اور آج سے پہلے برطانیہ میں کبھی بھی نہیں دیکھی گئیں۔
چینل 4 کا کہنا ہے کہ انھوں نے 'ایک منفرد نکتہ نظر پیش کیا ہے' جبکہ ڈیانا کی قریبی دوست روزا مونکٹن کا کہنا ہے کہ وہ شہزادی کے نجی معاملات میں دخل اندازی کر رہے ہیں۔
روزا مونکٹن چینل 4 کو لکھ بھی رہی ہیں کہ وہ یہ ٹیپس نشر نہ کریں۔
انھوں نے اخبار دی گارجیئن کو بتایا: 'یہ عوام سے متعلق نہیں ہے۔ یہ ان کی نجی زندگی اور خاندان کی نجی زندگی کے ساتھ دھوکہ ہے۔'
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
یہ ویڈیو پیٹر سیٹلین نے ریکارڈ کی تھی جن کی خدمات ویلز کی شہزادی نے سنہ 1992 اور 1993 کے درمیان خطابت میں بہتری لانے کے لیے حاصل کی تھیں۔
یہ ویڈیو کینسنگٹن پیلس میں ریکارڈ کی گئی اور اس میں شہزادی ڈیانا کو پرنس آف ویلز کے ساتھ شادی، ان کی سیکس کی زندگی اور کیملا پارکر بولز کے ساتھ ان کے افیئر کے بارے میں بات کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
شاہی خاندان کے سابق ترجمان ڈکی اربیٹر نے بی بی سی کے پروگرام وکٹوریہ ڈربی شائر میں بتایا کہ 'یہ ٹیپس نجی طور پر ٹریننگ سیشنز کے طور پر ریکارڈ کی گئی تھیں۔ بند دروازوں کے پیچھے جو کچھ ہوا اس کو خفیہ ہی رہنا چاہیے۔'
شاہی بائیوگرافر پینی جونر کا کہنا تھا کہ 'میرے خیال میں یہ خاصا فحش ہے کہ وہ یہ سب دکھا رہے ہیں، اور غیر اخلاقی بھی۔'
ان کا کہنا ہے کہ 'جب یہ بنائی گئیں، ڈیانا کی شادی کا حال ہی میں خاتمہ ہوا تھا، وہ الگ ہوگئے تھے، وہ بہت برے حال میں تھیں۔'
ان کا کہنا تھا کہ شہزادی ڈیانا 'کبھی بھی نہیں چاہتی تھیں کہ کوئی بھی زندہ انسان انھیں سن سکے۔'
دوسری جانب چینل 4 کے ڈپٹی کریٹیو آفیسر رالف لی کے مطابق یہ ویڈیو ٹیپس 'حیران کن تاریخی دستاویز ہیں' جس کی وجہ سے 'ڈیانا کی ایک نئی تصویر تخلیق کرنے میں مدد ملی۔'
انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ '20 سال ایک اچھا خاصا وقت ہے کہ اس قسم کی کوئی چیز سامنے آئے اور اسے نشر کیا جائے۔'
یاد رہے کہ شہزادی ڈیانا کا 31 اگست 1997 کو پیرس میں ایک کار حادثے میں انتقال ہوا تھا۔