’عاصم اور شہباز۔۔۔ دنیا کو بچا لیا‘: ایران اور امریکہ کی جنگ بندی میں پاکستانی کردار پر دنیا کیا کہہ رہی ہے؟

،تصویر کا ذریعہISHAQ DAR/X
’آپ اسے جس طرح بھی دیکھیں، یہ پاکستان کی بہت بڑی سفارتی جیت ہے۔‘
یہ اور اسی نوعیت کے دیگر تبصرے سوشل میڈیا پر شیئر کیے جا رہے ہیں، امریکہ اور ایران کی جنگ بند کرانے میں پاکستان کی تعریف کی جا رہی ہے، اس بات کے باوجود یہ فی الوقت یہ جنگ بندی مشروط ہے اور عارضی نوعیت کی ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ’ایک پوری تہذیب کو تباہ کرنے‘ کی ڈیڈ لائن ختم ہونے میں محض چند گھنٹے باقی تھے کہ امریکی صدر نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا کہ وہ ایران کے خلاف طے شدہ حملوں کو دو ہفتوں کے لیے مؤخر کر رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ انھوں نے یہ فیصلہ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی درخواست پر کیا ہے۔
اس اعلان کے فوراً بعد ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے تصدیق کی کہ امریکہ کے ساتھ اب 10 نکاتی ایجنڈے پر مذاکراتی عمل 15 روز کے لیے اسلام آباد میں جمعے سے شروع ہو گا۔
ایران کا کہنا تھا کہ اس نے اپنا 10 نکاتی منصوبہ امریکہ کو پاکستان کے ذریعے پیش کیا ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے ایک بیان میں کہا کہ ’ایران کی جانب سے میں اپنے برادر ملک پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خطے میں جنگ کے خاتمے کے لیے کی جانے والی انتھک کوششوں پر دلی تشکر اور قدردانی کا اظہار کرتا ہوں۔‘
بعد ازاں پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ وہ آنے والے دنوں میں مزید خوشخبریاں شیئر کرنے کے منتظر ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ایک طرف جہاں ایران اور امریکہ کی جانب سے جنگ بندی کو پوری دنیا بالخصوص مشرقِ وسطیٰ کے لیے خوش آئند پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے وہیں عالمی مبصرین اسے پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی گردانتے ہوئے اس تنازع کو روکنے میں اسلام آباد کے کردار کو سراہ رہے ہیں۔
’شکریہ پاکستان‘
پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ایران اور امریکہ کے جنگ بندی کے اعلان کو ایکس پر شیئر کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ اس اہم جنگ بندی کو یقینی بنانے کے لیے ’خاموش، مؤثر، سفارتی کردار ادا کرنے پر پاکستان کا شکریہ۔‘
نیوزی لینڈ کے وزیرِ خارجہ ونسٹن پیٹرز نے ایکس پر جاری اپنے ایک پیغام میں ایران اور امریکہ کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم اس بحران کا حل تلاش کرنے کے لیے پاکستان، ترکی اور مصر جیسے ملکوں کی کوششوں کے شکر گزار ہیں۔‘
آسٹریلیا کے وزیرِ اعظم نے بھی تنازع میں کمی کے لیے ثالثوں بشمول پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔
’ہم کشیدگی میں کمی کی کوششوں کے لیے پاکستان، مصر، ترکی اور سعودی عرب سمیت تمام مذاکرات کاروں کی کوششوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کی حمایت کرتے ہیں۔‘
امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی ہاؤس کمیٹی برائے خارجہ امور کے رینکنگ ممبر گریگوری میکس نے جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے امریکی فوجیوں اور دونوں طرف کے شہریوں کی جانیں بچیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اس نتیجے تک پہنچنے میں پاکستان کے کردار کو سراہنا چاہوں گا۔‘
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے پاکستان اور جنگ بندی میں سہولت کاری کرنے والے دیگر ممالک کی کوششوں کو سراہا۔
ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کی تمام فریقین سے بلا خوف و خطر بات چیت کی کوششیں مسلم یکجہتی اور بین الاقوامی ذمہ داری کی اعلیٰ ترین روایات کی عکاسی کرتی ہے۔

،تصویر کا ذریعہWhite House
’عاصم اور شہباز نے دنیا کو بچا لیا‘
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
دوسری جانب تجزیہ کار اور مبصرین اس جنگ بندی کو پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی قرار دے رہے ہیں۔
وال سٹریٹ جنرل سے منسلک صحافی اور مصنف سدانند دھومے ایکس پر لکھتے ہیں کہ ’آپ اسے جس طرح بھی دیکھیں، یہ پاکستان کی بہت بڑی سفارتی جیت ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ایک ذمہ دار کھلاڑی کے طور پر سامنے آیا ہے جس پر اہم دارالحکومتوں کو بھروسہ ہے کہ وہ عالمی تباہی کو روکنے میں کردار ادا کر سکتا ہے۔
تجزیہ کار مائیکل کوگلمکین لکھتے ہیں کہ ’آج رات، پاکستان نے کئی برسوں میں اپنی سب سے بڑی سفارتی جیت حاصل کی ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ اس سے ان تمام ناقدین کے دعوؤں کی نفی ہوتی ہے جو یہ کہتے تھے کہ اسلام آباد اتنے پیچیدہ اور مشکل کام کو سر انجام دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔
’سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس نے ایران میں ممکنہ تباہی کو روکنے میں مدد کی۔‘
کشمیری نژاد برطانوی مصنف مرزا وحید اس جنگ بندی کو نئے عالمی منظر نامے کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ ایک ایسے ملک نے امن قائم کرنے میں کردار ادا کیا ہے جسے اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے۔
پاکستانی صحافی سیرل المیڈا لکھتے ہیں: ’عاصم اور شہباز۔۔۔ دنیا کو بچا لیا۔‘
ان کی پوسٹ پر ردِ عمل دیتے ہوئے پاکستانی صدر کے مشیر مرتضیٰ سولنگی کہتے ہیں: ’اب آپ کو پتا چلا کہ جمعے کا دن کیوں اہم ہے۔‘
یاد رہے کہ پاکستان نے امریکہ اور ایران کی مذاکراتی ٹیموں کو جمعے کے روز اسلام آباد آنے کی دعوت دی ہے۔
بھوٹانی اخبار ’دی بھوٹانیز‘ کے ایڈیٹر ٹینزنگ لامسانگ کہتے ہیں کہ پاکستانی وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل نے ایک بہت بڑا سفارتی کارنامہ سر انجام دیا ہے۔



























