خاتون نے لال بیگ کے خوف میں رہائشی عمارت کو آگ لگا دی

،تصویر کا ذریعہGetty Images
جنوبی کوریا میں ایک خاتون نے لال بیگ مارنے کی کوشش میں اپنے اپارٹمنٹ کی عمارت کو آگ لگا دی۔
جنوبی کوریا میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ خاتون کی گرفتاری کے لیے ورانٹ لینے کی درخواست کر رہے ہیں کیونکہ انھوں نے لال بیگ مارنے کے لیے آگ پھینکنے والا آلہ استعمال کیا جس سے عمارت میں آگ لگ گئی۔
عمارت میں لگنے والی آگ سے بچنے کے لیے ایک خاتون کھڑکی سے گر کر ہلاک ہو گئیں۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ وہ لائٹر اور آگ پھینکنے والے آلے کی مدد سے لال بیگ کو مارنا چاہتی تھیں لیکن گھر کے دوسرے سامان میں آگ لگ گئی۔
انھوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی وہ یہ طریقہ آزما چکی تھیں۔
جنوبی کوریا کے شمالی شہر آسان کی پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون پر حادثاتی طور پر آگے لگانے اور اُن کی غیر ذمہ داری سے ایک شخص کی ہلاکت سے متعلق دفعات عائد ہو سکتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر ان دونوں ان لائٹرز یا آگ پھینکنے والے دیسی ساختہ آلے کی مدد سے کیٹرے مکوڑے مارنے کی ویڈیوز کافی مقبول ہیں۔
2018 میں آسٹریلیا میں ایک شخص نے لال بیگ مارنے کی کوشش میں اپنے کچن کو آگ لگا دی تھی۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جنوبی کوریا کے شہر آسان میں آگ سے ہلاک ہونے والی خاتون چینی شہری تھیں اور وہ بلڈنگ کی پانچوین منزل پر اپنے شوہر اور دو ماہ کے بچے کے ساتھ رہائش پذیر تھیں۔
جب انھیں آگ لگنے کا پتہ چلا تو اس جوڑے نے کھڑکی سے مدد کے لیے پکارا۔ انھوں نے اپنا بچہ کھڑکی کے ذریعے ساتھ والے بلاک میں موجود پڑوسی کو تھمایا اور خود وہاں سے نکلنے کی کوشش کرنے لگے۔
ہلاک ہونے والی خاتون کے شوہر بھی اگلے بلاک میں کود گئے اور انھوں نے بھی ایسا ہی کرنے کی کوشش کی لیکن وہ کھڑکی سے گر گئیں۔ جس کے بعد خاتون کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن اُن کی موت ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے بعد یہ جوڑا کھڑکی سے نکل کر جان بچانے کی کوشش کر رہا تھا کیونکہ سیڑھیوں سے باہر نکلنے والا راستہ دھوئیں سے بھر گیا تھا۔
اس رہائشی عمارت کی پہلی منزل پر کمرشل دکانیں ہیں اور دوسری سے پانچویں منزل پر 32 رہائشی فلیٹس ہیں۔
آگ اور دھوئیں کے سبب دیگر آٹھ افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔










