لبرل یورپ اور’سخت گیر‘ اسلام کی کشمکش

،تصویر کا ذریعہ
- مصنف, کیرولین وائٹ
- عہدہ, بی بی سی مذہبی امور نامہ نگار
2015 میں فرانس کے کارٹونسٹوں اور صحافیوں کو مبینہ توہینِ مذہب کی پاداش میں قتل نے یورپ کو ایک بار پھر جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، حالانکہ حالیہ برسوں میں یورپ میں اس طرح کے حملوں کے تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
یورپ میں روشن خیالی کی تحریک کے بعد سیکیولر یورپ میں مذہب کو ایک طرف رکھ کر اسے طنز و مزاح کا نشانہ بنا دیاگیا ہے۔
لیکن اسلام کےساتھ ایسا نہیں ہے۔ اسلام کےاندر شیعہ اور سنیوں کی کشمکش، شدت پسندوں اور معتدل مسلمانوں کی اسلام کی تشریح پر جھگڑے اب یورپ کی گلیوں میں دیکھے جا رہے ہیں جس کے نتائج یورپ میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔
فرانس میں چارلی ایبڈو کے خلاف کارروائی شاید ’اکیلے بھیڑیوں‘ کی کارروائی ہو لیکن اس کے اثرات پورے یورپ میں محسوس کیے جائیں گے اور یورپی حکمرانوں کو مسلمانوں کی یورپی معاشرے میں انضمام کے بارے سوالات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ فرانس، جرمنی اور برطانیہ جہاں مسلمانوں کی آبادی اچھی خاصی ہے تارکین وطن کو پہلے ہی شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty
یورپی ممالک میں فرانس وہ ملک ہے جہاں مسلمانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ فرانس میں مسلمان شہریوں کی تعداد 50 سے 75 لاکھ ہے، جبکہ جرمنی اور برطانیہ میں مسلمانوں کی آبادی بالترتیب 40 لاکھ اور 30 لاکھ ہے۔ برطانیہ اور جرمنی میں مسلمانوں کی تعداد کل آبادی کا پانچ فیصد ہے۔
ان تینوں ملکوں میں بڑی سیاسی جماعتوں کو تارکین وطن کی تعداد اور ان کی اولادوں کے لبرل یورپ کی مذہبی رواداری اور آزادیِ اظہار کی اقدار سے خود کو ہم آہنگ بنانے سے انکار جیسے سوالوں کا سامنا ہے۔
برطانیہ میں تارکین وطن اور شدت پسندی سے متعلق مسائل کو امن پسندانہ انداز میں ’برطانوی اقدار‘ اور ’ٹروجن ہارس سکول‘ کےمعاملوں میں زیر بحث لایا گیا ہے۔
برطانیہ کو مسلمانوں سے خطرے کا احساس دو عشرے پہلے اس وقت ہوا جب سلمان رشدی کی کتاب ’شیطانی آیات‘ کی اشاعت کے بعد اس کے قتل کا فتویٰ جاری ہوا۔ 2007 میں برطانیہ لندن کی انڈر سٹیشنوں اور بسوں پر شدت پسندوں کے حملوں نے اس احساس کو ایک بار پھر زندہ کر دیا کہ مسلمان برطانیہ کے دل پر حملہ کر سکتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
البتہ فرانس کی گلیوں میں ماضی میں بھی اس طرح کے تشدد کے واقعات رونما ہو چکے ہیں لیکن اس نے ہمیشہ ان حملوں کو ذہنی طور پر الجھے ہوئے ’اکیلے بھیڑیوں‘ کی کارروائی کہہ کر ختم کرنے کی کوشش کی ہے۔ لیکن فرانس اور بیلجیئم میں مذہبی تشدد کے واقعات کی وجہ سے کئی یہودی شہریوں نے اسرائیل ہجرت کو ترجیج دی۔

،تصویر کا ذریعہ
فرانس میں ان علاقوں میں جہاں مسلمان اور یہودی ہمیشہ امن سے رہ رہے تھے وہاں یہودی عبادت گاہوں پر حملوں نے ان خدشات کو ہوا دی ہے کہ افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں مذہب کے نام پر ہونے والی لڑائیاں اب یورپ تک پہنچ چکی ہیں۔
جرمنی میں مسلمان مخالف جذبات بڑھ رہے ہیں۔ جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی نیو نازی جماعتیں مسلمان کے خلاف جذبات کی ایک شکل’پیگدا موومنٹ‘ ہے جو یورپ میں اسلامائزیشن کے خلاف مظاہروں کا انعقاد کر رہی ہے جن میں دسیویں ہزار لوگ شریک ہو رہے ہیں۔
جرمنی کی اہم سیاسی جماعتوں نے پیگدا جیسی تحریکوں کے خلاف آواز بلند کی ہے اور ہزاروں حامیوں کو سڑکوں پر بھی لے آئے ہیں۔
فرانس میں چارلی ایبدو کے صحافیوں اور کارٹونسٹوں کی ہلاکت نے یورپ کو ایک بار پھر باور کرایا ہے کہ شدت پسند مسلمان نوجوان مذہب کی اپنی تشریح کے خلاف کسی کو قتل کرنا جائز سمجھتے ہیں۔
یورپ کے لبرل معاشرے میں شدت پسند اسلام سے نمٹنے کے طریقوں اور شدت پسندی کے یورپی معاشروں پر اثرات سے حوالے سے اختلافات سامنے آ رہے ہیں جبکہ یورپی حکومتیں کسی کارروائی کی صورت میں مسلمانوں کے ممکنہ ردعمل سے پریشان ہیں۔
برطانیہ اور فرانس مسلمانوں کی تنظیموں نے فرانس میں ہونے والی شدت پسندی کی واضح الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان مسلمان تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسلام اور شدت پسند ایک دوسرے کی ضد ہیں۔

،تصویر کا ذریعہREUTERS
لیکن اس واقعے کے ممکنہ ردعمل کے طور پر لوگوں کا دائیں بازو کی جماعتوں اور گروہ کی طرف جھکاؤ عام مسلمانوں کو سب سے زیادہ متاثر کرے گا۔
یورپ میں حکام اور مذہبی رہنما فکر میں ہیں کہ مذہب کے نام تشدد کا کیسے سامنا کیا جائے تاکہ اس پر اسلام مخالف ہونے کا بھی تاثر نہ پیدا ہو۔







