لاس ویگس: جواری کا جوا خانے پر شراب پلانے کا الزام

،تصویر کا ذریعہPA
امریکہ کے شہر لاس ویگس کے ایک کیسینو میں پانچ لاکھ ڈالر ہارنے والے ایک شخص نے جوا خانے پر یہ کہتے ہوئے دعویٰ کر دیا ہے کہ ان پر اس رقم کی ادائیگی لازم نہیں کیونکہ جب وہ یہ رقم ہارے تو شراب کے نشے میں دھت تھے۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہری مارک جونسٹن نے ڈاؤن ٹاؤن گرینڈ نامی کیسینو کے خلاف انھیں اس حالت میں شراب پلانے اور رقم ادھار دینے کا الزام لگایا ہے جب کہ وہ پہلے ہی شراب کے نشے میں تھے۔
52 سالہ مارک 30 جنوری کو اس جوا خانے میں آئے تھے اور 17 گھنٹے تک جوا کھیلتے رہے تھے۔
لاس ویگس امریکی ریاست نیواڈا میں واقع ہے اور ریاستی قوانین کے تحت وہ افراد جو واضح طور پر نشے میں دکھائی دیں انھیں جوا کھیلنے کی اجازت نہیں جا سکتی۔
جوا خانے نے تاحال اس معاملے پر تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم اطلاعات کے مطابق کیسینو کی انتظامیہ بھی مارک جونسٹن سے قرض کی وصولی کے لیے قانونی ذرائع استعمال کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
مارک کے وکیل شان لٹل نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ یہ ایک ’غیرمعمولی‘ معاملہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص اتنا زیادہ نشے میں تھا کہ اپنے تاش کے پتّے بھی صحیح طریقے سے پڑھ نہیں پا رہا تھا اور جوا خانے والے اسے مزید شراب پلاتے رہے اور رقم ادھار دیتے رہے۔
شان لٹل کے مطابق ان کے موکل نے نہ صرف اپنے بینک کو ڈاؤن ٹاؤن گرینڈ کیسینو کو رقم کی ادائیگی کا عمل روکنے کا حکم دیا ہے بلکہ وہ اپنا نام خراب کرنے پر جواخانے سے زرِ تلافی بھی چاہتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اطلاعات کے مطابق نیواڈا کا گیمنگ کمیشن اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔







