امریکہ کی بلند ترین عمارت ون ورلڈ ٹریڈ سنٹر

ماہرین فن تعمیرات کی ایک کمیٹی نے نیویارک سٹی میں حال ہی میں مکمل ہونے والی عمارت ون ورلڈ ٹریڈ سنٹر کو امریکہ کی بلند ترین عمارت قرار دیا ہے۔
یہ عمارت 1776 فٹ یا 541 میٹر اونچی ہے۔
ٹال بلڈنگز اینڈ اربن ہیبیٹیٹ یعنی اونچی عمارتوں اور شہری آبادی کی کونسل نے شکاگو میں اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔
اس سے قبل امریکہ کی سب سے اونچی عمارت شکاگو کی ولیز ٹاور تھی جو کہ 1451 فٹ یا 442 میٹر بلند ہے۔
نئی عمارت کی سب سے اوپری منزل پر ایک 408 فٹ کا مینار ہے جسے کمیٹی نے عمارت کی اونچائی میں شامل کیا ہے اس کے بعد ہی یہ عمارت امریکہ کی بلند ترین عمارت قرار پائی۔
کمیٹی کے ایگزیکیوٹیو ڈائرکٹر اینتھنی ووڈ نے کہا کہ اس سوئی نما مینار کو عمارت کا مستقل حصہ سمجھ کر اس میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ کونسل امریکہ میں عمارت کی بلندی کے سلسلے میں حرفِ آخر کی حیثیت رکھتی ہے۔

یہ عمارت جب سنہ 2014 میں مکمل ہو جائے گی تب یہ مینار نما سپائر براڈکاسٹ ایٹینا کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بغیر اس مینار کے اس عمارت کی اونچائی 1368 فٹ ہے جو کہ ولیز ٹاور سے کہیں کم ہے۔ پہلے اس ٹاور کو سیئرز ٹاور کہا جاتا تھا۔
بہر حال عالمی سطح پر امریکہ کی یہ دونوں عمارتیں بلندی میں بہت پیچھے ہیں۔ دوبئی کی عمارت برج خلیفہ 2723 فٹ یا 830 میٹر کی اونچائی کے ساتھ سر فہرست ہے۔
واضح رہے کہ یہ نئی عمارت ون ورلڈ ٹریڈ ٹاور اسی جگہ تعمیر کی گئي ہے جہاں 11 ستمبر 2001 سے قبل مشہور زمانہ ٹوئن ٹاور ہوا کرتا تھا۔
یہ شدت پسند حملے کا شکار ہو گیا تھا اور اس میں تین ہزار کے لگ بھگ افراد مارے گئے تھے۔
ون ورلڈ ٹریڈ ٹاور کو تاریخی علامت کے طور 1776 فٹ بلند تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ وہ عدد ہے جس سال امریکہ نے برطانیہ سے اپنی آزادی کا اعلان کیا تھا۔







