بلی منشیات سمگل کرتے ہوئے پکڑی گئی

سمگلر بلی کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے
،تصویر کا کیپشنسمگلر بلی کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے

مشرقی یورپ کے ملک مالدووا میں حکام نے ایک بلی پکڑی ہے جو جیل کے اندر منشیات سمگل کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی تھی۔

یہ بلی جیل کے ایک سوراخ سے مخصوص اوقات میں آتی جاتی تھی۔

مالدووا کے علاقے پرونیکل میں واقع جیل کے محافظوں کو بلی کے گلے میں موجود پٹے کی موٹائی ہر چکر میں کم زیادہ ہونے پر شک پڑا اور انہوں نے اس کو پکڑ لیا۔

بلی کے گلے میں موجود پٹے سے منشیات برآمد ہوئی ہیں اور حکام تحقیقات کے ذریعے اس بلی کے مالک تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

بلی کی تلاشی کے دوران بنائی گئی ایک ویڈیو وزارتِ انصاف کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب بِلی جیل اور باہر کی دنیا کے درمیان غیر قانونی رابطہ کاری کا ذریعہ بنی ہے۔ جون میں روس کی ایک جیل میں ایک بلی پکڑی گئی جس کے پیٹ کے ساتھ موبائل فون بندھے ہوئے تھے۔

اِسی طرح برازیل کے جیلروں نے ایک بِلی پکڑی تھی جس کے پیٹ کے ساتھ، جیل توڑنے کا سازوسامان بندھا ہوا تھا۔۔۔۔

بلی کے ذریعے جیل میں منشیات سمگل کرنے کے واقعات بھی پیش آ چکے ہیں۔