پانچ کروڑ ڈالر کے ہیرا چور گرفتار

ہیرا چوروں نے برسلز ایئر پورٹ سے بڑے فلمی انداز میں نقب لگا کر پانچ کروڑ ڈالر کے ہیرے اڑا لیے تھے
،تصویر کا کیپشنہیرا چوروں نے برسلز ایئر پورٹ سے بڑے فلمی انداز میں نقب لگا کر پانچ کروڑ ڈالر کے ہیرے اڑا لیے تھے

بیلجیئم، سوئٹزرلینڈ اور فرانس کی پولیس نے ہیروں کی چوری کی دنیا کی بڑی وارداتوں میں سے ایک کے سلسلے میں 31 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

بیلجیئم کی پولیس نے کہا ہے کہ انھوں نے فروری میں برسلز ایئرپورٹ پر چھاپا مار کر بڑی مقدار میں رقم اور کچھ ہیرے بازیاب کر لیے تھے۔

ایک گروہ نے ایئرپورٹ کے احاطے کا جنگلہ کاٹ کر ایک سوئس جہاز کے اندر سے ہیرے نکال لیے تھے۔

چرائے گئے ہیروں کی مالیت پانچ کروڑ ڈالر تھی۔

یہ ہیرے اینٹورپ سے زیورخ لے جائے جا رہے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چور ’پروفیشنل‘ ہیں۔ انھوں نے پولیس کی وردیاں پہن رکھی تھیں، چہروں پر ماسک چڑھا رکھے تھے اور وہ مسلح تھے۔

انھوں نے سکیورٹی جنگلا کاٹ ڈالا اور ہیلویٹک ایئرویز کے جہاز تک پہنچ گئے، جس کے بعد انھوں نے کارگو کا حصہ توڑ کر اس کے اندر سے ہیرے نکال لیے۔

انھوں نے ہیروں کے 120 تھیلے اٹھائے اور اسی کٹے ہوئے جنگلے میں سے نکل کر فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق یہ تمام کارروائی صرف پانچ منٹ میں مکمل ہوئی اور اس دوران کوئی گولی نہیں چلائی گئی اور نہ کوئی زخمی ہوا۔

بیلجیئن کی پولیس نے کہا کہ منگل کے روز ایک ملزم کو فرانس اور چھ کو سوئٹزرلینڈ سے پکڑا گیا۔

دوسرے 24 کو بدھ کی صبح برسلز سے پکڑا گیا۔