امریکی سکول میں فائرنگ: 20 بچوں سمیت 27 ہلاک‘

آخری وقت اشاعت:  ہفتہ 15 دسمبر 2012 ,‭ 20:56 GMT 01:56 PST
امریکہ

پولیس اہلکار جنہیں کھوجی کتوں کی مدد حاصل ہے، سکول کی عمارت کی تلاشی لے رہے ہیں

امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست کنیکٹیکٹ میں ایک پرائمری سکول میں فائرنگ سے 20 بچوں سمیت ستائیس افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ واقعہ نیوٹاؤن نامی قصبے کے سینڈی ہک سکول میں پیش آیا جہاں زیرِ تعلیم بچوں کی عمریں پانچ سے دس برس کے درمیان ہیں۔

پولیس نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ ہلاک شدگان میں فائرنگ کرنے والا شخص بھی شامل ہے۔

اس موقع پر امریکی صدر براک اوباما نے ایک پریس کانفرنس میں پُر نم آنکھوں سے کہا کہ اس وقت ہمارے دل ٹوٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے بھی متعدد مرتبہ اس طرح کے واقعات دیکھ چکے ہیں اور اب وقت آگیا ہے کہ ہم اس بارے میں ٹھوس اقدام کریں۔

باور کیا جا رہا ہے کہ حملہ آور نے سکول کے دفتر میں فائرنگ کی جبکہ کچھ ذرائع کے مطابق ایک کمرۂ جماعت بھی فائرنگ کی زد میں آیا۔ پولیس نے جائے وقوع سے دو ہتھیار قبضے میں لیے ہیں اور سکول کی مکمل تلاشی لی جا رہی ہے۔

مقامی حکام کے مطابق حفاظتی نقطۂ نظر سے علاقے کے تمام سکول بند کر دیے گئے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق پولیس کو ایک مسلح شخص کی سکول کے مرکزی دفتر میں داخل ہونے کی اطلاع ملی تھی جہاں ایک شخص کو کئی گولیاں ماری گئیں۔ ایک عینی شاہد نے سی این این کو بتایا کہ فائرنگ کی آواز ہال سے آئی اور اندازاً سو گولیاں چلائی گئیں۔

اب سکول سے تمام بچوں کو نکال لیا گیا ہے اور حکام کے مطابق وہ بچوں کو ان کے والدین کے حوالے کرنے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔

امدادی اداروں اور پولیس کی گاڑیاں احاطے میں موجود ہیں۔ پولیس اہلکار جنہیں کھوجی کتوں کی مدد حاصل ہے، سکول کی عمارت کی تلاشی لے رہے ہیں۔

مقامی ٹی وی نیوز چینل این بی سی نیوز کے مطابق سکول کے قریبی علاقے ڈینبری کے ہسپتال میں تین زخمی لائے گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک استاد کے پاؤں میں گولی لگی ہے۔

سینڈی ہک سکول میں کنڈرگارٹن سے چوتھی کلاس تک کل چھ سو طلباوطالبات زیرِ تعلیم ہیں۔

اسی بارے میں

متعلقہ عنوانات

BBC © 2014بی بی سی دیگر سائٹوں پر شائع شدہ مواد کی ذمہ دار نہیں ہے

اس صفحہ کو بہتیرن طور پر دیکھنے کے لیے ایک نئے، اپ ٹو ڈیٹ براؤزر کا استعمال کیجیے جس میں سی ایس ایس یعنی سٹائل شیٹس کی سہولت موجود ہو۔ ویسے تو آپ اس صحفہ کو اپنے پرانے براؤزر میں بھی دیکھ سکتے ہیں مگر آپ گرافِکس کا پورا لطف نہیں اٹھا پائیں گے۔ اگر ممکن ہو تو، برائے مہربانی اپنے براؤزر کو اپ گریڈ کرنے یا سی ایس ایس استعمال کرنے کے بارے میں غور کریں۔

]]>