
حکام نے فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک کرنے والے شخص کا نام ریڈکلف ہافٹن بتایا ہے۔
امریکی ریاست وسکونسن کے شہر بروکفیلڈ کے ایک سپا میں ایک شخص نے فائرنگ کرکے تین افراد کو ہلاک اور چار کو زخمی کر دیا ہے۔
گولی چلانے والے شخص کی بیوی اس سپا میں کام کرتی تھی تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ اس کی بیوی فائرنگ میں ہلاک ہوئی یا نہیں۔
فائرنگ کرنے والے مشکوک شخص کی عمر پننتالیس سال ہے جس کا نام ریڈکلف ہافٹن بتایا جاتا ہے۔
واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کیا جہان انھیں ریڈکلف ہافٹن کی لاش ملی۔
اطلاعات کے مطابق واقعہ کی وجہ ریڈکلف کے گھریلو مسائل تھے۔
حال ہی میں جب ان پر اپنی بیوی کے گاڑی کے ٹائروں کو پھاڑنے کا الزام لگا تو عدالت نے انھیں اپنا آتشی اسلحہ جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
امریکہ کے صدر باراک اباما اور وسکونسن کے گورنر نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
یہ اس سال وسکونسن میں اس قسم کا دوسرا بڑا واقعہ ہے۔
اگست میں ویڈ مائکل پیج نامی ایک سابق امریکی فوجی نے چھ سکھوں کو ان کے گوردوارے میں ہلاک کر دیا تھا۔






























