
زخمیوں کو صوبہ فرح کے ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔
مغربی افغانستان میں ایک بس کے سڑک پر نصب بم سے ٹکرانے کے باعث ہونے والے دھماکے میں سترہ باراتی ہلاک ہو گئے ہیں۔
ہلاک شدگان میں زیادہ تر عورتیں اور بچے شامل ہیں۔ یہ افراد ایک بارات میں شامل منی بس میں سوار ہو کر دولھا اور دلھن کی گاڑی کے پیچھے ایک قافلے کی شکل میں جا رہے تھے۔
واقعہ مغربی صوبے فراح میں پیش آیا اور زخمی ہونے والے افراد کو مقامی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا ہے۔
افغان پولیس نے کہا کہ صوبہ فراح میں ہونے والے اس حملے میں طالبان کا ہاتھ ہے۔
اقوامِ متحدہ کے مطابق اس سال کے پہلے چھ مہینوں میں ایک ہزار سے زائد افغان شہری مارے گئے ہیں۔
ان میں سے اکثریت سڑک پر نصب بموں کے باعث ہلاک ہوئے ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق طالبان نیٹو افواج کے خلاف اس قسم کے حملوں کو ترجیح دیتے ہیں، جس کی وجہ سے اکثر اوقات ان سڑکوں پر سفر کرنے والے شہری نشانہ بن جاتے ہیں۔
اتوار کو ہلمند صوبے میں نیٹو افواج کے ہاتھوں سڑکوں پر بم نصب کرنے والے عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن میں تین شہری مارے گئے تھے۔ نیٹو نے اس حادثے کے لیے معافی مانگ لی تھی۔






























