
گلوکار جے ذی نے براک اوباما کے جلسے میں گانا گایا
امریکی صدر براک اوباما کے آخری انتخابی جلسے میں گلوکار جے ذی نے اپنا ایک مشہور گانا گیا مگر اس میں چند تبدیلیاں کر کے اسے زیادہ سیاسی بنا دیا۔
جے ذی کے مطابق اگر امریکی صدر براک اوباما صبح ننانوے مسائل کے ساتھ بیدار ہوں اور ان کے حریف مٹ رومنی کے پاس کوئی مسئلہ نہ ہو تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ ان کی انتخابی مہم کا قصور ہے بلکہ یہ ان کی حکمتِ عملی کا قصور ہے۔
ڈیموکریٹک پارٹی کے ورکرز پولنگ کے روز لوگوں کو ووٹ ڈالنے کے لیے زور دیتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ امریکہ میں انتالیس ملین افراد پہلے ہی اپنا ووٹ ڈال چکے ہیں۔
ڈیموکریٹک پارٹی کے قومی فیلڈ ڈائریکٹر جیرمی برڈ نے اپنے بلاگ میں لکھا کہ نئے رجسٹر ہونے والے ووٹرز، کبھی کبھی ووٹ ڈالنے والے ووٹرز اور ایسے ووٹرز نے جنہوں نے دو ہزار آٹھ میں پہلی مرتبہ ووٹ ڈالا جلدی ووٹنگ کا فائدہ اٹھایا اور ان میں زیادہ تر ڈیموکریٹک ووٹرز تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکہ میں صدر براک اوباما کے حمایتیوں کی تعداد مٹ رومنی کے مقابلے میں زیادہ ہے اور انہوں نے ابھی ووٹ ڈالنا ہے۔
اوباما کی انتخابی ٹیم کے مطابق انتخاب کے باقاعدہ آغاز سے پہلے ووٹ ڈالنے کی سہولت نے ایسے ووٹروں کو بڑا موقع فراہم کیا۔
واضح رہے کہ امریکی ریاست اوہایو میں بتیس ہزار آٹھ سو چون رضا کاروں نے صدر اوباما کی انتـخابی مہم کے دوران تین گھنٹوں کی شفٹ میں کام کیا۔






























