
شامی حکومت نے ہیلی کاپٹر اور جنگی جہازوں کے استعمال میں اضافہ کیا ہے۔
شام کے سرکاری ٹی وی کا کہنا ہے کہ دمشق کے قریب ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
یہ واقعہ دمشق کے شمالی مضافاتی علاقے دوما کے قریب پیش آیا ہے۔
واضح رہے کہ اگست کے اوآخر میں باغیوں نے دعوی کیا تھا کہ انہوں نے دارالحکومت دمشق کے قریب ایک ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے۔
گزشتہ برس شروع ہونے والی حکومت مخالف تحریک کو کچلنے کے لیے حکومت نے اپنی لڑائی میں ہیلی کاپٹر اور جنگی جہازوں کی استمعال میں اضافہ کیا ہے۔
بدھ کو دمشق اور شمالی شہر حلب میں ایک مرتبہ پھر شدید لڑائی ہوئی ہے۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ سرکاری فوج نے بہت سے دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
قبل ازیں ایمنسٹی انٹرنیشنل نے خبردار کیا تھا کہ بے دریغ فضائی اور زمینی گولہ باری کی وجہ سے ادلیب اور حما میں شہری ہلاکتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ہالینڈ کے دارلحکومت ایمسٹرڈم میں اقتصادی ماہرین کا ایک گروپ، بیرونی سفارتکار اور شام کے منحرف لیڈر اس بارے میں اجلاس کر رہے ہیں کہ شامی صدر بشار الاسد پر کس طرح کی اقتصادی پابندیاں عائد کی جائیں کہ ان کی طاقت کم ہو۔
فرینڈز آف سیریا نامی یہ گروپ اس بات پر بھی غور کر رہا ہے کہ بشار الاسد کے پوشیدہ مالی اثاثوں کا کیسا پتہ لگایا جائے۔






























