گرین ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کا منصوبہ

- مصنف, جوناتھن بلیک
- عہدہ, بی بی سی نیوز، نیویارک
دنیا کی مشہور کثیر المنزلہ عمارتوں میں سے ایک نیویارک کی ایمپائر سٹیٹ بلڈنگ کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر گرین کرنے کا منصوبہ شروع ہو چکا ہے۔
اس منصوبے کی تکمیل کے بعد عمارت میں استعمال ہونے والی توانائی میں ایک تہائی کمی آجائے گی جس سے ایک سال میں لاکھوں ڈالر بچائے جاسکیں گے۔
یہ منصوبہ تقریباً پانچ سو ملین ڈالرز کے تعمیر نو کے پراجیکٹ کا حصہ ہے جو کہ اس کے مالکان کے بقول زیادہ کرائے دینے والی بڑی کمپنیوں کو متوجہ کرے گا۔
اس منصوبے کے تحت ایک سو دو منزلہ اس عمارت کی ساڑھے چھ ہزار کھڑکیوں پر ایک فلم کی تہہ لگانا ، گرم آلات کی حرارت کو روکنےکے لیے غیر موصل پرزے لگانا، بہتر روشنی اور ہوا کی فراہمی اور ائیر کنڈیشننگ شامل ہیں۔
اس عمارت میں کام کرنے والے افراد انٹرنیٹ کے ذریعے معلوم کر سکیں گے کہ توانائی کی کتنی مقدار کہاں استعمال ہوئی ہے۔
امریکہ کے سابق صدر بل کلنٹن کے ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے شروع کیے گیے اقدامات سے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے امداد جمع کی جاسکی ہے۔
نیویارک کے میئر مائیکل بلومبرگ اور سابق صدر کلنٹن کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ دنیا میں دوسری عمارتوں کے لیے ایک مثال بن جائے گا۔
ایمپایر سٹیٹ بلڈنگ کو روزانہ تقریباً تیرہ ہزار افراد استعمال کرتے ہیں جن میں نیویارک کی پہچان اس عمارت کو دیکھنے والے دنیا بھر سے آنے والے سیاح شامل ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







