امریکہ جانے والی پرواز پر بچے کا جنم: ’پیدائش کا عمل شروع ہونے کے 45 منٹ میں بچہ پیدا ہو گیا‘

    • مصنف, فیور نونو
    • عہدہ, بی بی سی نیوز گھانا

افریقی ملک گھانا سے امریکہ جانے والی ایک پرواز پر ایک حاملہ خاتون نے غیر متوقع طور پر اپنے بچے کو جنم دیا ہے اور اس موقع پر پرواز پر موجود لوگوں نے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیا۔

اس خاتون نے اپنا نام جی جی بتایا ہے اور انھوں نے 29 جنوری کو اپنے بچے کو قبل از وقت جنم دیا۔

گھانا کے ایک ڈاکٹر نے طیارے کے بزنس کلاس ایریا کو عارضی میٹرنٹی یونٹ میں تبدیل کر دیا تھا۔

موقع پر موجود لوگوں کا کہنا ہے کہ گھانا سے تعلق رکھنے والی جی جی نے فروری میں بچے کو جنم دینا تھا۔

صحافی نینسی ایڈوبیا اینانے بھی اس فلائٹ پر موجود تھیں۔ انھوں نے بی بی سی نیوز کو مسافروں میں ابتدائی کنفیوژن کے بارے میں بتایا۔

انھوں نے کہا کہ جب ابتدائی طور پر اعلان کیا گیا تو مسافروں میں سے ‘اکثر نے طبی عملے کی مدد کے لیے کال سنی لیکن وہ نہیں جانتے تھے کہ کیا ہو رہا ہے۔ میں بچے اور ماں کی حفاظت کے لیے پریشان ہوئی اور ہنگامی لینڈنگ کے امکان کے بارے میں سوچنے لگی۔‘

امریکہ میں پریکٹس کرنے والے ڈاکٹر سٹیفن انساہ ایڈو اس پرواز پر سوار تھے۔ انھوں نے جب عملے کی جانب سے مدد کی اپیل سنی تو وہ اس بچے کی پیدائش کے لیے آگے بڑھے۔

انھوں نے کہا کہ ‘میں، ایک نرس اور فلائٹ اٹینڈنٹس نے مل کر اس ماں کو آہستہ آہستہ پیدائش کا عمل سمجھایا اور اس نے ایک خوبصورت بچے کو جنم دیا۔‘

یہ بھی پڑھیے

صحافی نینسی ایڈوبیا اینانے نے بتایا کہ پیدائش کا عمل شروع ہونے کے 45 منٹ کے اندر بچہ پیدا ہو گیا تھا۔

‘(خاتون) کی ڈیلیوری کافی جلدی ہوئی، 30 سے 45 منٹ میں اور اس کے بعد نومولود کے رونے کی وہ مخصوص آواز سنائی دینے لگی۔‘

واشنگٹن پہنچنے پر نئی ماں اور بچے کے لیے طبی عملہ ہوائی اڈے پر موجود تھا۔

فضا میں کسی بچے کی پیدائش ہونا انتہائی نایاب ہے مگر ایسا ماضی میں بھی ہوا ہے۔ جنوری میں ایک کنیڈین ڈاکٹر نے سعودی عرب سے یوگینڈا کی ایک پرواز پر ایک بچے کو جنم دیا تھا۔

برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروس کے مطابق کسی حاملہ خاتون کے لیبر میں جانے کا امکان 37 ہفتوں کے حمل کے بعد بڑھ جاتا ہے اور کچھ ایئر لاینز خواتین کو ایسی حالت میں پرواز پر نہیں جانے دیتیں۔

نیشنل ہیلتھ سروس کا کہنا ہے کہ اگرچہ فضائی سفر عموماً حاملہ خاتون یا اس کے پیٹ میں بچے کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتا تاہم دیگر صحت سے متعلقہ معاملات یا حمل میں ممکنہ پیچیدگیوں کے بارے میں فضائی سفر سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے بات چیت کر لیں۔