فرانس میں پاکستانی شہریوں کے ویزے مسترد ہونے، ملک بدری کے حوالے سے خبروں میں کوئی حقیقت نہیں: دفترِ خارجہ

،تصویر کا ذریعہGetty Images
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گذشتہ روز سے یہ افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کی تنقید کے بعد فرانسیسی حکام نے پاکستانی شہریوں کو فراہم کردہ 183 وزٹ ویزے مسترد کر دیے ہیں اور مناسب دستاویزات رکھنے والے 118 شہری کو بھی زبردستی جلاوطن کر دیا گیا ہے تاہم پاکستان کے دفتر خارجہ نے ان کی تردید کی ہے۔
ٹوئٹر پر اس نوعیت کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے ایک مختصر بیان جاری کرتے ہوئے ان خبروں کی تردید کی۔
انھوں نے خبر کی رد کرتے ہوئے انڈین میڈیا کے کچھ حلقوں اور جعلی ٹویٹر اکاؤنٹس پر الزام لگایا کہ وہ فرانس میں رہنے والے پاکستانیوں کے حوالے سے کچھ جعلی خبریں پھیلا رہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’اِن بےبنیاد اور گمراہ کن معلومات کے پیچھے واضح طور پر اوور ٹائم کام کرنے والی پاکستان مخالف پروپیگنڈہ مشین کا ہاتھ ہے۔‘
حفیظ چودھری کا کہنا تھا کہ فرانس میں موجود پاکستانی قانون کی پاسداری کر رہے ہیں اور فرانسیسی معیشت میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں اور حالیہ واقعات کے بعد بھی ان کی جانب سے کسی قسم کی مشکلات کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہTwitter
دفترِ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ ٹویٹر پر جس اکاؤنٹ سے یہ معلومات شئیر کی جا رہی ہیں وہ جعلی ہے اور پیرس میں قائم پاکستانی سفارتخانے کا آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ @PakinFrance ہے۔
پاکستانی شہریوں کے ویزے مسترد ہونے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر موجود پاکستانی پریشان جبکہ انڈین صارفین خاصے پرمسرت نظر آئے۔

،تصویر کا ذریعہTwitter/igisumit
زیادہ تر انڈین صارفین اس خبر پر خوشی کا اظہار کرتے ’بہت اچھا کیا فرانس‘ یا ’زبردست کام کیا ہے میکخواں‘، ’بائیکاٹ کر رہے تھے نا، اب مزا آیا‘ کہتے نظر آئے۔
ایک انڈین صارف نے لکھا ’انھیں بائیکاٹ بھی کرنا ہے اور ویزا بھی لینا ہے، ایسے کیسے چلے گا؟‘
ارم ظہور نامی پاکستانی صارف لکھتی ہیں ’ایسا تب ہوتا ہے جب آپ کے سیلیکٹڈ وزیر اعظم اور کٹھ پتلی وزرا ہوں۔ یہ صرف ایک شروعات ہے، میرے خیال میں فرانسیسی حکام کلین سوئپ کی تلاش میں ہیں۔‘
ایک اور صارف کا کہنا تھا ’تھوڑا وقت انتظار کیجیے، ترکی، چین اور ملائیشیا کے علاوہ کوئی ملک پاکستانیوں کو گھسنے نہیں دے گا۔‘

،تصویر کا ذریعہTwitter/IramZahoor1
بیشر پاکستانی اس خبر کو سچ مان کر افسوس کا اظہار کرتے نظر آئے جبکہ چند صارفین نے فرانس کا ویزا لینے والوں کو آڑے ہاتھوں بھی لیا اور وہ یہ پوچھتے نظر آئے کہ ’اس (غیر مسلم) ملک میں جا کر کیا لینا ہے؟ فرانس سے ہر طرح کی دشمنی کا اعلان کرو سب تعلق ختم کرو۔‘











