آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
میڈینا: جیف بیزوس اور بل گیٹس کے محلات، مگر شہر مالی پریشانیوں کا شکار
امریکہ میں میڈینا کے نام سے ایک شہر ہے جو مشہور شہر سیٹل کی دوسری جانب ندی کے پار واقع ہے اور یہاں ایک گھر کی اوسط قیمت 28 لاکھ ڈالر ہے۔
فوربز میگزین کے مطابق یہاں کے رہائشیوں میں دنیا کے چند امیر ترین افراد شامل ہیں۔ ان میں سرفہرست ٹیکنالوجی کی دنیا سے تعلق رکھنے والے دو امیر ترین افراد، مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس اور ایمازون کے سی ای او جیف بیزوس شامل ہیں۔
ان دونوں کی مشترکہ دولت کی مالیت 209.6 ارب ڈالر ہے۔
اس کے باوجود شہر کے حکام کو مالی پریشانیوں کا سامنا ہے اور حال ہی میں مقامی حکام بنیادی شہری سہولیات اور سروسز، جیسے کہ پولیس اور بنیادی عوامی ضروریات، کی فراہمی کے لیے ٹیکس جمع نہیں کرسکے۔
اور دونوں میں سے کوئی بھی اس صورتحال کو سمجھ نہ سکا۔
یہ بھی پڑھیے
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
میڈینا میں فی گھر اوسط تنخواہ سالانہ ایک لاکھ 86 ہزار ڈالر ہے جبکہ اس کے ہمسایہ شہر سیٹل میں یہ 80 ہزار ڈالر ہے اور امریکہ میں مجموعی طور پر یہ 60 ہزار ڈالر ہے۔ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ امریکہ میں میڈینا ساتواں امیر ترین شہر ہے۔
واشنگٹن جھیل کے سرسبز علاقے کے ساتھ ہی دنیا کا ایک عظیم بنگلہ ہے۔ بل گیٹس کا یہ بنگلہ اتنا عالیشان ہے کہ ویکیپیڈیا کی ویب سائٹ پر اس کا اپنا پیج ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق بنگلے میں 24 باتھ روم ہیں اور مہمانوں کے استقبال کے لیے اس کے ایک کمرے میں 200 لوگوں کی گنجائش موجود ہے۔ ایک اندازے کے مطابق اس کی قیمت 128 ملین ڈالرز ہے۔
مالی مسائل
شہر میں اتنی دولت ہونے کے باوجود گذشتہ ماہ تک اسے شدید مالی مسائل کا سامنا تھا۔ سنہ 2020 تک اس کے مالی خسارے کا تخمینہ پانچ لاکھ ڈالرز لگایا جا رہا تھا جس کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ پانچ برس میں 33 لاکھ ڈالرز ہو جائے گا۔
قانون کے مطابق ہر سال ایک فیصد سے زیادہ ٹیکس نہیں بڑھایا جاتا سکتا ہے اس لیے گذشتہ 17 سال سے بجٹ میں توازن پیدا کرنے کے لیے اخراجات میں کمی اور بچت کی جاتی رہی ہے۔
جون میں وہاں کے رہائیشیوں کو بھیجے جانے والے ایک نیوز لیٹر کے مطابق رواں سال اس شہر کے ٹیکس میں صرف 28 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوگا۔
اور ٹیکس میں ایک فیصد کے اضافے کا مطلب یہ ہے کہ سنہ 2020 میں اضافی محصول صرف 28 ہزار ڈالر ہوگا جو کہ ایمرجنسی طبی خدمات، پولیس، آگ بجھانے والے عملے، پارک اور قدرتی مقامات کی دیکھ ریکھ کرنے والے محکمے اور انتظامیہ جیسی بنیادی سروسز کی تنخواہ کے لیے کافی نہیں ہوں گے۔
نیوز لیٹر میں کہا گيا ہے کہ 'آپ یہ جان کر حیران ہو سکتے ہیں کہ شہر کے پاس خدمات کی موجودہ سطح کو برقرار رکھنے کے لیے وافر پیسہ نہیں ہے بطور خاص اس معیشت میں جہاں جائیداد کی قیمتوں میں تو مسلسل اضافہ ہو رہا ہے لیکن شہر کے ٹیکس اس کی مناسبت سے نہیں بڑھ رہے ہیں۔'
لیکن اس ماہ میڈینا کے حکام نے شہر کو چلاتے رہنے کے لیے سب کچھ کر گزرے والے اقدام اٹھائے۔ انھوں نے ووٹرز سے جائیداد کے ٹیکس پر ایک اضافی محصول لگانے کی بات کہی ہے جو کہ آئندہ چھ سالوں تک نافذ العمل ہو۔
اس تجویز کو رواں ماہ کے ابتدا میں ووٹ کے ذریعے منظوری ملی تو حکام نے اطمینان کا سانس لیا۔ نیوز لیٹر کے مطابق اس اضافی ٹیکس کا مطلب یہ ہوا کہ آئندہ سال 20 لاکھ سے زیادہ مالیت کی ملکیت رکھنے والے افراد اضافی 34 ڈالر ہر ماہ ٹیکس ادا کریں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ میڈینا کے تین ہزار رہائیشیوں کے لیے بہت چھوٹی تبدیلی ہوگی لیکن اس سے بغیر زیادہ کٹوتی کے عوامی خدمات کے شعبے میں تنخواہ دینا یقینی ہو سکے گا۔