کینسر سے چونچ جھڑ گئی تو کیا ہوا، تھری ڈی پرنٹر سے نئی تیار

سنگاپور میں ایک لمبی چونچ والے ہورن بِل (بگلے نما پرندے) کی کینسر سے متاثرہ چونچ کو تھری ڈی پرنٹر کے ذریعے بنائی گئی پلاسٹک کی مصنوعی چونچ سے ایک آپریشن کے بعد بدل دیا گیا ہے۔

جولائی میں جورنگ میں پرندوں کے پارک کے عملے نے جیری نامی اس 22 سالہ نر کی چونچ میں بڑا سا سوراخ دیکھا اور یہ لگا کہ شاید یہ پرندہ کینسر کا شکار ہو گیا ہے۔

جیری کی چونچ کے نیچے کے ٹشوز اس بیماری کی وجہ سے متاثر ہو گئے تھے۔

اس کے بچنے کے بہت کم امکانات تھے کیونکہ اس پارک میں موجود اس سے پہلے دو اور اس نسل کے پرندے کینسر میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو گئے تھے۔

جیری کا سکین کیا گیا۔

اس کے متاثرہ حصہ کی بائیوپسی بھی ہوئی۔

اس کے تجزیے سے پتہ چلا کہ یہ واقعی کینسر ہے اور اس کے معالجوں نے فیصلہ کیا کیسنر سے متاثرہ تمام ٹشوز کو نکال دیا جائے۔

اس کے لیے خصوصی طور پر مصنوعی چونچ پرنٹ کی گئی۔

ڈاکٹر ہو لی چیی نے آری نما جدید آلے کی مدد سے تمام متاثرہ حصے کاٹ دیے۔

اس کے بعد دانتوں کی بھرائی کرنے والے مواد کی مدد سے اس کی چونچ میں خلا کو بھر دیا گیا۔

اس کے بعد جیری کی چونچ پر اس کی دم سے ملتا جلتا پیلا رنگ کر دیا گیا۔

اس پرندے کا نام جیری رکھ دیا گیا کیونکہ قدیم نورس زبان میں لوہے کی ٹوپی پہننے والے سپاہیوں کو جیری کہا جاتا تھا۔

جیری کو ستمبر میں ہسپتال سے چھٹی ملی اور جب تک نئی چونچ نکل نہیں آتی ان کو اپنی مصنوعی چونچ سے ہی گزارا کرنا ہو گا۔