کم جونگ ان صدر ٹرمپ سے ملنے سنگا پور کیسے جائیں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان بارہ جون کو سنگاپور میں ملاقات کر رہے ہیں۔ کم جونگ ان نے دو ہزار گیارہ میں اقتدار میں آنے کے بعد شاذ و نادر ہی شمالی کوریا کی حدود سے باہر گئے ہیں اور جب گئے بھی ہیں تو ٹرین پر۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ وہ صدر ٹرمپ سے ملاقات کے لیے سنگاپور کیسے جائیں گے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ کم جونگ ان شمالی کوریا سے ہوائی سفر کرنے کا خطرہ نہیں مول لیں گے اور وہ چین سے اپنی حفاظت کی گارنٹی چاہیں گے۔

کم جونگ ان کچھ ماہ پہلے بلٹ پروف ٹرین پر چین گئے تھے اور اسی بلٹ پروف ٹرین میں واپس آئے۔

یہ بھی پڑھیے

ماہرین کے خیال میں کم جونگ ان ملاقات سے پہلے چین تک ٹرین میں سفر کریں گے اور پھر کسی چینی جہاز میں سنگاپور کا سفر کریں گے۔

امریکی وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرسن نے دونوں ملکوں کے رہنماؤں کی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملاقات سنگاپور کے جزیرے سینٹوسا کے فائیو سٹار ہوٹل کیپیلا میں ہو گی۔

سنگاپور کےاخبار سٹریٹ ٹائمز نے خبر دی ہے کہ صدر ٹرمپ سنگاپور کے ہوٹل شنگریلہ میں قیام کریں گے جبکہ شمالی کوریا کے رہنما سینٹ ریجز ہوٹل میں ٹھہریں گے۔ یہ دونوں ہوٹل سینٹوسا جزیرے پر نہیں بلکہ مرکزی سنگاپور کی مشہور شاپنگ سٹریٹ آرچرڈ لین کے قریب واقع ہیں۔

دو ہفتے قبل صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ طے ملاقات کو یہ کہہ کر منسوخ کر دیا تھا کہ شمالی کوریا کا رویہ نامناسب ہے۔ صدر ٹرمپ نے دوبارہ تصدیق کی کہ ملاقات طے شدہ تاریخ پر ہوگی۔

امریکہ چاہتا ہے کہ شمالی کوریا جوہری ہتھیار ختم کرنے کی یقین دہانی کرائے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں کن کن معاملات پر بات ہو گی۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ پہلی ملاقات ایک دوسرے کو جاننے کی کوشش ہو گی کیونکہ ابھی بہت سے مذاکرات ہونے ہیں۔

سینٹوسا جزیرے کی اہمیت

سینٹوسا ان 63 جزیروں میں سے ایک ہےجو مل کر سنگاپور بناتے ہیں۔ پانچ سو ہیکٹر پر پھیلا ہوا یہ جزیرہ سنگاپور کے مرکزی حصہ سے زیادہ فاصلے پر نہیں ہے۔ اس جزیرے کا ایک ماضی بھی ہے۔ ماضی میں یہ پائیریسی اور دوسری جنگ عظیم میں جاپانی فوجیوں کے ہاتھوں ہزاروں افراد کے قتل کے لیے بھی مشہور ہے۔

جب جاپانی افواج نے 1942 میں برطانوی افواج کو سنگاپور میں شکست دی اس کے بعد جاپانی فوج نے ہزاروں' جاپان مخالف' چینیوں‘ کو قتل کیا۔ سینٹوسا بھی ان مقامات میں سے ایک ہے جہاں جاپانی فوج نے ہزاروں لوگوں کو ایک جگہ اکٹھا کر کے ہلاک کیا۔ صدر ٹرمپ اور شمالی کے رہنما جس ہوٹل میں ملاقات کریں گے وہ وہاں سے اس ساحل سمندر کو دیکھ سکیں گے جہاں جاپانی فوجیوں کی سٹین گنوں نے ہزاروں لوگوں کو بھون ڈالا تھا۔