کیوبا: جہاز کے حادثے میں 110 ہلاک، بلیک باکس مل گیا

کیوبا کے حکام کا کہنا ہے کہ ہوانا کے ایئرپورٹ کے قریب گر کر تباہ ہونے والے مسافر جہاز کا ایک بلیک باکس مل گیا ہے اور وہ ’اچھی حالت‘ میں ہے۔

کیوبا کے وزیر ٹرانسپورٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ دوسرا بلیک باکس بھی جلد مل جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 110 ہو گئی ہے جس میں گیارہ افراد غیر ملکی ہیں جبکہ تین شدید زخمی خواتین ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

گذشتہ کئی دہائیوں کے دوران کیوبا میں یہ مہلک ترین فضائی حادثہ ہے اور حادثے کے بعد ملک بھر میں دو روزہ سوگ منایا جا رہا ہے۔

سرکاری فضائی کمپنی کیوبانا ڈی ایویشن کا بوئنگ 737 دارالحکومت ہوانا کے ہوائی اڈے ہوزے مارٹی سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا تھا، جہاز میں 104 مسافر اور عملے کے نو افراد شامل تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ماہرین بوئنگ 737 کے ملبے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ یہ جہاز تقریباً 40 سال پرانا تھا جو کیوبا کے دارالحکومت سے 20 کلو میٹر دور گر کر تباہ ہو گیا ہے۔

جہاز کے بلیک باکس میں فلائٹ کے بارے میں اہم معلومات ہوتی ہے جس کے ذریعے جہاز کو پیش آنے والے حادثے کا پتہ لگایا جا سکتا ہے۔

کیوبا کی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نے صحافیوں سے بات چیت میں بتایا کہ حادثے میں 110 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں 99 افراد کا تعلق کیوبا سے ہے جبکہ عملے کے چھ افراد کا تعلق میکسیکو سے ہے۔ ہلاک ہونے والے دو مسافروں کا تعلق آرجنٹائن سے تھا۔

کیوبا کے صدر مگوئیل ڈیاز کانیل ائیر پورٹ پہنچے، انھوں نے کہا کہ 'یہ ایک افسوسناک واقعہ ہے اور ہمیں زیادہ امید نہیں ہے کہ لوگ اس حادثے میں زندہ بچے ہوں گے۔'

کیوبا کی قومی فضائی کمپنی نے یہ بوئنگ طیارہ میکسیکو کی کمپنی سے لیز پر لیا ہوا تھا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ہوانا سے روانہ ہونے والی پرواز ملک کے دوسرے شہر ہولگئن جا رہی تھی۔

میڈیا پر آنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جس مقام پر جہاز گرا ہے وہاں سے دھواں اٹھ رہا ہے اور امدادی کاروائی کرنے کے لیے عملہ موجود ہے۔

یاد رہے کہ فضائی کمپنیوں پر کی گئی تحقیق کے مطابق گذشتہ سال کمرشل جہازوں کے لیے محفوظ ترین سال تھا جس میں دنیا بھر میں ایک بھی فضائی حادثہ نہیں ہوا تھا۔

لیکن 2018 میں اب تک ایسے کئی واقعات ہو چکے ہیں۔ گذشتہ مہینے الجزائر میں فوجی طیارہ گر کر تباہ کو گیا تھا جس کے نتیجے میں 250 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔