آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
ٹرمپ جونیئر کی اہلیہ ’طلاق چاہتی ہیں‘
امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بڑے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر کی اہلیہ نے طلاق کے لیے درخواست جمع کروا دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابقہ ماڈل ونیسا ٹرمپ نیو یارک کورٹ میں باہمی رضا مندی سے طلاق چاہتی ہیں۔
باہمی رضامندی کا مطلب یہ ہے کہ قانونی کارروائی میں اس جوڑے کے بچوں اور اثاثوں کی حوالگی کے بارے میں کوئی تنازع نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیے!
نیوز ویب سائٹ پیج سکس نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کے بیان کے حوالے سے لکھا ہے: ’12 سال کی شادی کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ اپنے اپنے راستے چلے جائیں۔ اب ہم چاہتے ہیں کہ آپ ہماری نجی زندگی میں دخل نہ دیں۔‘
اس سے قبل رواں سال امریکی میڈیا میں ایسی خبریں آئی تھیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور ان کی اہلیہ کے درمیان کوئی مسائل چل رہے ہیں، اس رپورٹ میں ٹرمپ جونیئر کے مسلسل سفر اور سوشل میڈیا کی محبت کی جانب اشارہ کیا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
گذشتہ ماہ ونیسا ٹرمپ اور ان کی والدہ کو اس وقت ہسپتال لے جایا گیا جب ونیسا ٹرمپ نے ان کے شوہر کی جانب سے ملنے والا ایک خط کھولا تھا جس میں سفید پاؤڈر تھا۔
دونوں میاں بیوی کی عمریں اس وقت 40 سال ہے اور ان کی شادی سنہ 2005 میں ہوئی تھی۔ جوڑے کے پانچ بچے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے امریکی صدارتی انتخاب کے لیے اپنے والد کی مہم میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انتخاب کے بعد وہ نیو یارک میں ہی رہ گئے تھے اور اس وقت اپنے بھائی ایرک ٹرمپ کے ہمراہ اپنا خاندانی کاروبار چلا رہے ہیں۔
سنہ 2016 میں صدارتی مہم میں روسی مداخلت کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات میں ٹرمپ جونیئر ایک اہم کردار بن گئے تھے۔ تاہم صدر ٹرمپ کسی قسم کی مداخلت کو مسترد کرتے رہے ہیں۔