آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
اٹلی میں فائرنگ سے چھ پناہ گزین زخمی ہو گئے
پولیس کے مطابق اٹلی میں ایک شخص نے گاڑی کے اندر سے فائرنگ کر کے کم از کم چھ افراد کو زخمی کر دیا ہے۔ بظاہر یہ نسلی تعصب کا واقعہ لگتا ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ میچراتا شہر میں پیش آنے والے اس واقعے میں زخمی ہونے والے افراد غیر ملکی تھے۔
ملزم کا نام لوکا ترینی بتایا گیا ہے اور اس کی عمر 28 برس ہے۔ اس نے گرفتاری کے وقت گردن پر اٹلی کا جھنڈا لپیٹا ہوا تھا اور اس بات کے شواہد ہیں کہ یہ حملہ نسلی تعصیب کی بنیاد پر کیا گیا۔
شہر کے بعض دیگر علاقوں سے بھی فائرنگ کی آوازیں آئی ہیں اور میئر نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ گھروں کے اندر رہیں۔
زخمیوں کا ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے، اور ان میں سے کم از کم ایک کی حالت نازک ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق زخمی سیاہ فام پناہ گزین ہیں۔
لا رپبلکا ویب سائٹ نے لکھا ہے کہ حملہ مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے شروع ہوا اور حملہ آور کو دو گھنٹے بعد پکڑا گیا۔
ملزم نے پناہ گزین مخالف سیاسی جماعت ناردرن لیگ کی طرف سے مقامی انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا اور جب اسے پکڑا گیا تو اس نے فسطائی انداز میں سلیوٹ کیا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اٹلی میں چار مارچ کو انتخابات ہو رہے ہیں جن میں پناہ گزینوں کا مسئلہ ایک اہم ایشو ہے۔
ترینی نے گرفتاری کے وقت مزاحمت نہیں کی۔ پولیس نے ان کی کار سے ایک پستول برآمد کر لیا ہے۔
لڑکی کی موت سے منسلک واقعہ؟
میچراتا کے دیگر علاقوں میں بھی فائرنگ کے واقعات ہوئے ہیں۔ ان علاقوں میں ایک 18 سالہ لڑکی کے قتل کی تفتیش جاری ہے۔ اس لڑکی کا جسم کاٹ کر دو سوٹ کیسوں میں چھپایا گیا تھا۔
ایک 29 سالہ نائجیریائی پناہ گزین کو اس قتل کے شبے میں حراست میں لیا گیا ہے۔
اس کے بعد سے فیس بک پر کئی متعصبانہ تبصرے دیکھنے میں آئے۔
مقامی میڈیا ان دونوں واقعات میں تعلق دیکھ رہا ہے۔